پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس پر ملک کی معیشت تباہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے نئے پاکستان کا وعدہ کیا تھا لیکن آج لوگ پرانے پاکستان کو یاد کر رہے ہیں، یہ کہنا تھا ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کا، جس نے پیر کو اسلام آباد میں حکومتی کارکردگی پر دھواں دار پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک وائٹ پیپر جاری کر کے متعدد شعبوں میں حکومتی پرفارمنس کو 'ناکام' قرار دیا گیا۔ اس موقعے پر ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل کی پروا نہیں،'تبدیلی سرکاری' کی دو سالہ کارکردگی پر نظر دوڑائیں تو افسوس اور مایوسی کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت 'پروپیگنڈا ' کرنے کے باوجود نواز شریف کے شروع کیے ہوئے کسی منصوبے میں کرپشن ثابت نہیں کر سکی، نیب نیازی گٹھ جوڑ کے الزامات کی وجہ سے پورے ملک میں سرمایہ کار خوف زدہ ہیں۔
شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ ملک میں کافی بجلی ہونے کے باوجود لوڈ شیڈنگ جاری ہے، جس کی وجہ حکومت کی 'انتہائی نااہلی' ہے۔ انہوں میں معیشت کے شعبے میں بھی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ہے کہ جی ڈی پی کی نمو منفی ہوئی ہے۔
ن لیگ کے ہی ایک اور رہنما خواجہ آصف نے پریس کانفرنس سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان خارجہ پالیسی میں ناکام ثابت ہوا ہے۔ مسئلہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کا قتل عام پچھلے دو سالوں میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے توانائی کے شعبے میں حکومتی کارکردگی پر نقطہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں ن لیگ کی حکومت ختم ہونے کے وقت گردشی قرضہ 1.26 ارب روپے تھا جو اب 2200ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا گردشی قرضہ تقریباً 1.2 ارب روپے یومیہ کے حساب سے بڑھ رہا ہے لیکن حکومت 'جھوٹ' بولنے پر تلی ہوئی ہے۔
ن لیگ کی پریس کانفرنس ختم ہونے کے کچھ دیر بعد حکومتی وزرا شبلی فراز اور حماد اظہر نے 'جوابی' میڈیا' ٹاک میں کہا کہ ن لیگ کے دعوے 'خالی' ہیں لہٰذا حکومت کو اس پر تفصیلی ردعمل دینے کی ضرورت نہیں۔
شبلی فراز نے کہا کہ شہباز شریف نے ایسے گفتگو کی ہے جیسے وہ کسی دوسرے ملک سے آئے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ وہ ان سب کاموں کے ذمہ دار ہیں جس کا انہوں نے ذکر کیا۔
تحریک انصاف ان الزامات کی تردید کرتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ معیشت ابتدائی مشکلات کے بعد اب بحالی کی جانب گامزن ہے۔