400 پاکستانی طلبہ کو فل سکالرشپ دیا جائے گا: وزیر خارجہ ہنگری

پیٹر سیجارٹو نے کہا کہ پاکستان کے 1700 کے قریب طلبہ نے سکالرشپ کے لیے درخواستیں دی ہیں، جن میں سے 400 طلبہ کو مکمل وظائف دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنگری پاکستان کے ساتھ تعلیمی میدان میں شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔

ہنگری اور پاکستان کے وزرائے خارجہ پاکستان کے دفتر خارجہ میں 17 اپریل 2025 کو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کے بعد موجود ہیں (پیٹر سیجارٹو/ایکس)

ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیجارٹو نے آج پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار کے ہمراہ دفتر خارجہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے 400 طلبہ کو مکمل تعلیمی وظائف فراہم کرے گا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

پیٹر سیجارٹو نے کہا کہ پاکستان کے 1700 کے قریب طلبہ نے سکالرشپ کے لیے درخواستیں دی ہیں، جن میں سے 400 طلبہ کو مکمل وظائف دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنگری پاکستان کے ساتھ تعلیمی میدان میں شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔

دفتر خارجہ میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر بات چیت کی۔

ہنگری کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان سفارتی تعلقات کو 60 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اب وقت ہے کہ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافت، صنعت، تجارت سمیت کئی شعبوں میں مماثلت پائی جاتی ہے، اور ان تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہنگری کے وزیر خارجہ کو پاکستان کے دوسرے دورے پر خوش آمدید کہا اور اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ایک کوشش قرار دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ممالک نے آج مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے لیے کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، جن میں تجارت اور صنعت کے شعبے نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری، پاکستان کا ایک مثبت اور فائدہ مند دوست ملک ہے جس نے مغل گروپس کے ذریعے صنعتی شعبے میں خدمات انجام دی ہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان، ہنگری کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگری ایک قابل اعتماد اور فائدہ مند شراکت دار رہا ہے، جس کی مدد سے پاکستان میں تجارت اور صنعت کے شعبے میں سو سے زائد ماہرین نے اپنے ہنر اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ، افغانستان، یوکرین اور روس کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں پر اتفاق کیا۔

ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان کو خطے میں امن کے لیے ایک اچھے دوست کے طور پر دیکھتے ہیں اور ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر اس مقصد کے لیے کام کرنے کو تیار ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس