لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔
احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے آج رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر الزام ہے کہ انہوں نے 20 کروڑ کی لاگت سے رمضان شوگر ملز کے نالے بنانے کے لیے سرکاری فنڈز استعمال کیے۔
شہباز شریف اس وقت مختلف کیسز کے سلسلے میں نیب کی حراست میں ہیں جبکہ حمزہ شہباز نے گرفتار کیے جانے کے خدشہ کے باعث لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔