دبئی میں مقیم ایک پاکستانی شہری محمد شفیق قرعہ اندازی میں 10 لاکھ ڈالرز جیتنے والے افراد کی طویل فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
48 سالہ پاکستانی شہری نے یہ رقم ’دبئی ڈیوٹی فری ملینیئم میلین ایئر اینڈ فائنسٹ سرپرائز ڈرا‘ میں جیتی۔ قرعہ اندازی کی تقریب دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ہال بی میں ہوئی۔
اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق محمد شفیق ڈالروں میں لکھ پتی بننے والی تازہ ترین شخصیت ہیں۔ سات اکتوبر 2020 کو ان کا ٹکٹ نمبر 4422 ملینیئم ملین ایئر سیریز 340 کی قرعہ اندازی میں نکل آیا۔ انہوں نے 10 ستمبر کو دوسری مرتبہ آن لائن یہ ٹکٹ خریدا تھا۔
شفیق ابوظہبی میں ایک پراپرٹی مینیجمنٹ کمپنی کے مالک ہیں۔ جب ’گلف نیوز‘ نے انہیں مبارک باد دینے کے لیے فون کیا تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ سات بچوں کے والد نے کہا: ’مجھے نہیں پتہ کہ کیا کہوں، جو بھی میں نے جیتا میرے بچوں کے لیے ہوگا۔ میں اپنے اوپر رحمت محسوس کر رہا ہوں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید کہا: ’میری بڑی اور اس سے چھوٹی بیٹی یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔ اس رقم کو ان کی تعلیم پر خرچ کرنا ترجیح ہو گی۔ میرے سب سے چھوٹے بچے کی عمر تین سال ہے۔ اس نے بھی سکول جانا شروع کر دیا ہے۔ اس لیے یہ انعام میرے لیے بہت بڑا اور کرم ہے۔‘
متحدہ عرب امارات میں مقیم شفیق کے والدین اس وقت یہاں آئے جب وہ ابھی کم عمر تھے۔ ان کا کہنا تھا: ’یو اے ای ہمارا گھر ہے۔ میں نے ڈی ڈی ایف ریفل ڈرا کے لیے دوسری بار ٹکٹ خریدا تھا۔‘
بدھ کوجاری ہونے والے ڈی ڈی ایف کے بیان کے مطابق شفیق کا تعلق لاہور سے ہے۔ وہ یہ ڈرا جیتنے والے 19 ویں پاکستانی شہری ہیں۔ اس قرعہ اندازی کا آغاز 1999 میں ہوا تھا۔