امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حریف ڈیموکریٹک پارٹی کی رکنِ کانگریس الہان عمر پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر امریکہ سے نفرت پر مبنی بیانات دینے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ اپنی پارٹی پر اثرانداز ہو رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا: ’اس سے پہلے کہ نینسی پیلوسی (کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ) اپنی رہنما الہان عمر کے دفاع کا فیصلہ کریں، انہیں الہان کے یہود مخالف، اسرائیل مخالف اور امریکہ سے نفرت پر مبنی بیانات کا جائزہ لینا چاہیے۔ وہ قابو سے باہر ہو گئی ہیں، البتہ نینسی ضرور ان کے قابو میں ہیں‘۔
ٹویٹ میں صدر ٹرمپ نے نینسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب تک کچھ بھی نہیں کیا اور خدشہ ہے کہ الہان عمر نے ڈیموکریٹک کانگریس کو قابو کرلیا ہے۔
Before Nancy, who has lost all control of Congress and is getting nothing done, decides to defend her leader, Rep. Omar, she should look at the anti-Semitic, anti-Israel and ungrateful U.S. HATE statements Omar has made. She is out of control, except for her control of Nancy!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) April 15, 2019
صدر ٹرمپ کی یہ ٹویٹ ان کے اور کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے۔ اس سے قبل صدر ایک ویڈیو پوسٹ میں الہان عمر کو نائن الیون کے حملوں کے ساتھ جوڑ چکےہیں۔
الہان عمر کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے انہیں موت کی دھمکیاں مل رہی ہیں، جن میں سے بعض میں صدر کا ذکر بھی ہوتا ہے۔
We are all Americans. This is endangering lives. It has to stop. pic.twitter.com/gwB2kDUIRp
— Rep. Ilhan Omar (@Ilhan) April 15, 2019
صدر کی ٹویٹ میں الہان عمر کے اس بیان کا حوالہ تھا جو انہوں نے کونسل فار امیریکن اسلامک ریلیشنز (کیئر) کے ایک جلسے میں تقریر کرتے ہوئے دیا تھا۔ اس میں انہوں نے کہا تھا:
’کیئر نائن الیون کے بعد اس لیے قائم کیا گیا کہ بعض لوگوں نے ایک کام کیا لیکن اس کے بدلے میں ہم سب کے شہری حقوق سلب کر لیے گئے۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا ’اگر کوئی مجھے عجیب سی نظروں سے دیکھتا ہے تو میں اس کے پاس جاؤں گی اور اس سے پوچھوں گی کہ وہ مجھے ایسے کیوں دیکھ رہا ہے، کیوں کہ یہ میرا حق ہے‘۔
یہ بیان امریکی میڈیا نے اچھالا اور اسے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جلتی تصویروں کے ساتھ شائع کیا۔
ٹرمپ نے اس کے چند گھنٹوں بعد ایک ویڈیو ٹویٹ کی جس میں الہان عمر کو کیئر کے جلسے میں تقریر کرتے ہوئے دکھایا گیا جس کے ساتھ ساتھ جلتی ہوئی عمارتیں بھی نظر آ رہی ہیں۔
الہان عمر نے یہ تقریر نیوزی لینڈ کی دو مسجدوں میں حملوں سے درجنوں مسلمان قتل ہونے کے بعد کی تھی۔