جدید ترین ’ریزبیری پائی‘ کمپیوٹر منظر عام پر آ گیا ہے اور یہ صرف ایک کی بورڈ ہے۔
سستے اور بنیادی کمپیوٹر بنانے کے لیے مشہور برطانوی کمپنی نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے جدید ترین کمپیوٹر کو چلانے میں استعمال ہونے والی چپس اور دوسرے پرزے کی بورڈ میں ہی لگا دیے گئے ہیں جو ٹائپ کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اس طرح صارفین کو صرف ایک سکرین کا اضافہ کرنے کی ضرورت ہو گی اور مکمل کام کرنے والا ایک کمپیوٹر تیار ہو جائے گا جس کی کارکردگی کا موازنہ صارفین نے پرانے پی سی سے کیا ہے۔
یہ کمپیوٹر اتنا سادہ ہے کہ اس کی قیمت 70 ڈالر یا 67 پاؤنڈ ہے۔ صارفین سو ڈالر یا 95 پاؤنڈ خرچ کر کے وہ سب کچھ خرید سکتے ہیں جس کی انہیں ضرورت ہو۔ ان اشیا میں یو ایس بی ماؤس اور کیبلز شامل ہیں جن کی ڈسپلے اور کمپیوٹر کو پاور سپلائی دینے کے لیے ضرورت ہوتی ہے۔
New product Raspberry Pi 400 is your complete personal computer, built into a compact keyboard. Available today from $70. https://t.co/YeUkamOHYc pic.twitter.com/rMANPeVi8t
— Raspberry Pi (@Raspberry_Pi) November 2, 2020
کمپنی نے کہا ہے کہ یہ کمپیوٹر ایسے وقت تیار کیا گیا جب کرونا (کورونا) وائرس کی وبا کے دوران لوگوں کے گھروں میں ریزبیری پائی ڈیوائسز کا استعمال بڑھ گیا۔ طلبہ اور دوسرے لوگوں کو پڑھنے اور دور بیٹھے کام کرنے کے لیے ایسے کمپیوٹر کی ضرورت پڑ گئی۔
کمپنی نے کہا ہے کہ نئے کمپیوٹر کو ریزبیری پائی 400 کا نام دیا گیا ہے اور اس کی بنیاد رس بیری 4 کی کارکردگی پر ہے جو گذشتہ موسم گرما میں متعارف کروایا گیا تھا۔ نیا کمپیوٹر ابتدائی ریزبیری پائی سے 40 گنا زیادہ طاقتور ہے۔
لیکن نوٹ کیا گیا ہے کہ اوریجنل کمپیوٹر میں مسائل تھے۔ اگرچہ یہ بہت سستا تھا لیکن اس کی ساخت خاص طور یوزر فرینڈلی نہیں تھی کیونکہ صارفین کو کام کرنے کے لیے کیبلز اور دوسرا سامان خود لگانا پڑتا تھا
کمپنی کے بانی ایبن اپٹن نے ایک بلاگ میں نئی ڈیوائس کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رس بیری 400 بنانے کا مقصد ان مسائل سے بچنا تھا۔
انہوں نے لکھا: ’گھر میں استعمال ہونے والے روائتی کمپیوٹروں بی بی سی مائیکروز، زیڈ ایکس سپیکٹرمز، کموڈور امیگس اور باقیوں میں مدربورڈ کو براہ راست کی بورڈ سے جوڑ دیا گیا تھا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’الگ سسٹم یونٹ، کیس اور کی بورڈ کی کیبل نہیں تھی۔ صرف کمپیوٹر پاور سپلائی، مانیٹر کیبل اور (بعض اوقات) ماؤس ہوتا تھا۔‘
کمپنی نے کہا ہے کہ اس وقت نیا کمپیوٹر برطانیہ، امریکہ اور فرانس میں خریدا جا سکتا ہے۔ یہ کمپیوٹر اگلے ہفتے سے اٹلی، جرمنی اور سپین میں بھی پہنچ جائے گا۔ اور توقع ہے کہ سال کے آخر تک بھارت، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ پہنچا دیا جائے گا۔
اپٹن نے کہا: ’ہم دوسرے علاقوں کے لیے بھی کمپلائنس سرٹیفکیشن تیزی سے جاری کر رہے ہیں اور ریزبیری پائی 400، 2021 کے پہلے چند مہینوں میں دنیا بھر میں دستیاب ہوگا۔‘
© The Independent