باکسنگ کے سابق عالمی چیمپئن بیری مک گیوگن نے ٹیرنس کرافورڈ کے ہاتھوں شکست کھانے کے باوجود پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے عزم اور ہمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جرات پر کوئی شک نہیں کر سکتا۔
ہفتے کو ڈبلیو بی او ورلڈ ویلٹر ویٹ چیمپئن شپ میں امریکی باکسر ٹیرنس کرافورڈ کو متنازعہ طور پر اس وقت فاتح قرار دیا گیا تھا جب عامر پانچویں راؤنڈ میں پیٹ سے نیچے مبینہ طور پر غیر قانونی پنچ لگنے کے باعث مقابلہ جاری رکھنے سے قاصر ہو گئے تھے۔
کرافورڈ نے، جنہیں اپنے حریف پر 45 کے مقابلے میں 49 پوائنٹس سے برتری حاصل تھی، نے الزام لگایا تھا کہ عامر جان بوجھ کر مقابلے سے باہر ہوئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
58 سالہ مک گیوگن نے بی بی سی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے عامر خان کی حمایت کی۔ ’کسی کو مقابلے سے بھاگنے والا کہنا نہایت خطرناک چیز ہے۔ اگر آپ عامر کے باکسنگ کیرئیر پر نگاہ ڈالتے ہیں تو آپ اسے ہمیشہ باہمت، پُرعزم اور ڈٹ کر مخالف کا سامنا کرنے والا کھلاڑی پائیں گے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، مک گیوگن نے کہا کہ عامر کے سابقہ مقابلوں کو سامنے رکھیں تو یہ بات واضح ہے کہ انہوں نے کبھی شکست تسلیم نہیں کی اور آخری دم تک مخالفین کا مقابلہ کیا۔
دوسری جانب، عامر خان نے ٹویٹ میں بتایا کہ کرافورڈ کے غیر قانونی پنچ کے بعد ان کے پاس کھیل رکوانے کے سِوا اور کوئی چارہ نہیں تھا۔ انہوں نے پیشاب میں خون کی شکایت بھی کی۔