ترکی نے سوگوت (سوغوت) کے علاقے سے 99 ٹن سونا دریافت کر لیا۔ یہ علاقہ ارطغرل غازی کی جائے مدفن کے طور پر مشہور ہے۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ 35 لاکھ اونس یعنی 99 ٹن سونے کے اس ذخیرے کی قیمت چھ ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو سامنے آنے والی اس خبر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس دریافت کا اعلان فرحت التین پوئراز نے کیا، جو ترکی کے ایگریکلچر کریڈٹ کوآپریٹوز اور گیوبریٹاس کھاد کمپنی کے سربراہ ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پوئراز نے انادولو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'اس کی قیمت چھ ارب ڈالر کے قریب ہے۔ ہم دو سال کے اندر سونا نکالنا شروع کر دیں گے اور ترکی کی معیشت میں اضافہ کریں گے۔' اس اعلان کے بعد گیوبریٹاس کے شیئرز میں دس فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
توانائی اور معدنی وسائل کے وزیر فتح دونمیز نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ ترکی نے رواں سال 38 ٹن سونا تیار کرکے گذشتہ سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'اگلے پانچ سال کے لیے ہمارا ہدف ہر سال 100 ٹن سونا تیار کرنا ہو گا۔'
یاد رہے کہ سوگوت کا علاقہ سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد ارطغرل کے مدفن کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ اس علاقے کو عثمانی ریاست کا پہلا دارالحکومت ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
ارطغرل کون تھے؟
ترک ڈرامہ ارطغرل غازی کے مطابق ارطغرل عثمانی ریاست کے بانی عثمان کے والد تھے، جن کی فتوحات کے باعث عثمانی ریاست کا قیام ممکن ہوا تھا۔ ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب اسی تاریخ کا دوسرا حصہ بھی ریلیز کیا جا چکا ہے، جس میں عثمان کی زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر یہ ڈرامہ اردو زبان میں ڈبنگ کے ساتھ پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل پی ٹی وی پر بھی دکھایا جا رہا ہے۔