کھلاڑیوں کے پاس بظاہر ’فٹ بال‘ ہاتھوں میں نظر آ رہا ہے۔ ٹیبل ٹینس کی طرز کی ایک ٹیبل برف کے عین بیچ میں رکھی ہے تاہم ٹیبل کے درمیان والا حصہ تھوڑا مڑا ہوا ہوا ہے۔
نیٹ کی جگہ پلاسٹک سے بنا ایک موٹی شیٹ لگی ہوئی تھی اور ٹیبل کے دونوں اطراف کھلاڑی کھڑے تھے۔
یہ مناظر آٹھ ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر واقع سوات کے سیاحتی مقام گبین جبہ میں منعقدہ ’ٹیک بال‘ (Teqball) مقابلوں کے ہیں جس کو خیبر پختونخوا کی محکمہ سیاحت کی جانب سے برف باری میں منعقد کیا گیا تھا۔
مقابلے کو دیکھنے کے لیے ملک کے دیگر شہروں سے سیاح بھی آئے تھے۔ اس کھیل کو پہلی مرتبہ خیبر پختونخوا میں متعارف کرایا گیا ہے اور برف سے ڈھکی پہاڑی پر یہ پہلی مرتبہ کھیلا جا رہا تھا۔
یہ کھیل کیسے کھیلا جاتا ہے؟
اس مقابلے کے لیے کھلاڑی پشاور سے آئے تھے جن میں دو خواتین کھلاڑی بھی شامل تھیں۔ خواتین کھلاڑیوں میں شامل منیبہ علی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ ٹیبل ٹینس کی طرز کا کھیل ہے لیکن اس میں ٹیبل ٹینس بال کی جگہ فٹ بال کا استعمال ہوتا ہے جبکہ ٹیبل بھی مختلف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے مقابلے سنگل بھی ہوتے ہیں اور ڈبل بھی، جس میں دو کھلاڑی حصہ لیتے ہیں جبکہ جیتنے کے لیے بیسٹ آف تھری ہوتا ہے یعنی تین مقابلوں میں دو مقابلے جیتنے ہوں گے۔
گیم کے قوانین کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس میں 12 پوائنٹس لینے پڑتے ہیں اور چھ پوائنٹس کے بعد سائڈز تبدیل کرنا ہوتی ہے۔
’بال کو کھلاڑی سر، کندھے، گھٹنے اور پاؤں کے ساتھ ٹچ کر کے مخالف کھلاڑی کی طرف پھینکنا ہو تا ہے۔ اس کے علاوہ بدن کا کوئی بھی حصہ بال کے ساتھ نہیں لگنا چاہیے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
منیبہ نے بتایا کہ مخالف کھلاڑی سے بال گر گئی تو پوائنٹ مخالف کھلاڑی کو دیا جاتا ہے جس طرح بیڈمنٹن یا ٹیبل ٹینس میں ہوتا ہے تاہم بال کو تین مرتبہ سے زیادہ ٹچ نہیں کر سکتے اور نہ بدن کے حصے پر دو مرتبہ ٹچ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کھیل کو حالیہ دنوں میں خیبر پختونخوا میں متعارف کرایا گیا ہے اور خیبر پختونخوا کی محکمہ صحت اس میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔
یہ کھیل کیسے ایجاد ہوا ہے؟
انٹرنیٹ پر دستیاب ٹیک بال کے حوالے سے معلومات کے مطابق یہ کھیل ہنگری میں حادثاتاً 2012 میں ایجاد ہوا ہے جب ہنگری میں دو فٹ بال کے کھلاڑی ٹیبل ٹینس پر فٹ بال کی پریکٹس کر رہے تھے۔
جب یہ فٹ بال کے کھلاڑی پریکٹس کر رہے تھے تو انہوں نے سوچا کہ اگر ٹیبل ٹینس کو درمیان میں موڑا جائے تو یہ ایک الگ کھیل ہو سکتا ہے اور یوں یہ کھیل وہاں سے شروع ہو گیا۔
اس کے بعد کھلاڑیوں نے اس کو کھیلنا شروع کیا اور زیادہ تر فٹ بال کے کھلاڑی اسی ٹیبل پر پریکٹس کرتے تھے۔ بعد میں اولمپکس کونسل آف ایشیا نے اس کھیل کو باقاعدہ کھیل کا درجہ دے دیا اور 2017 میں اس کھیل کا پہلا ورلڈ کپ منعقد کیا گیا جس میں 45 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
اس کھیل کا ورلڈ کپ ہر سال ہوتا ہے تاہم اس میں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں مرد اور خواتین کی الگ کیٹیگری نہیں ہے بلکہ سارے ایک ہی کیٹیگری میں کھیلتے ہیں۔