پڑھیے اس ہفتے کی پانچ دلچسپ اور اہم خبریں
گوگل ملازمین کا دھرنا
گوگل کے ملازمین نے انتظامیہ کی جوابی کارروائیوں (retaliation) پر احتجاج کے طور پر جمعے سے دھرنا دے دیا ہے۔
گوگل ملازمین نے اپنی ٹویٹ میں کہا وہ انتظامیہ کے کہنے پر بیمارہوئے بغیر چھٹی لینے سے لے کرمختلف رپورٹس کےغائب ہونے تک ہر طرح کے حربوں سے تنگ آ چکے ہیں۔
ملازمین نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ انہوں نے چھ ماہ پہلے واک آؤٹ کیا، اس بار وہ دفترکے اندر دھرنا دیں گے۔
گوگل انتظامیہ نے دھرنے پرتبصرے سے انکارکرتے ہوئے جوابی کارروائی سے متعلق اپنے سابقہ بیان کا حوالہ دیا۔ ’ہم نے اپنے دفاترمیں جوابی کارروائی پرپابندی عائد کررکھی ہے اور ہم اپنی پالیسی عوامی سطح پرشئیرکرتے ہیں‘۔
گوگل ترجمان نے آن لائن پبلشنگ کمپنی ٹیک کرنچ کو بتایا کہ ہرشکایت پرتوجہ کویقینی بنایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملازمین مختلف ذرائع سے اپنی تشویش کا اظہارکرسکتے ہیں، وہ چاہیں تواپنی شناخت خفیہ رکھیں، جوابی کارروائی کے تمام الزامات کی چھان بین کی جاتی ہے۔
چھ ماہ پہلے گوگل کے 20 ہزارملازمین جنسی ہراسانی کے الزامات غلط اندازمیں نمٹانے پراحتجاجا کام چھوڑ کردفاترسے باہرآ گئے تھے۔
گذشتہ ہفتے گوگل کے دوملازمین نے کمپنی انتظامیہ پرالزام لگایا تھا کہ واک آؤٹ کی قیادت پران کے خلاف جوابی کارروائی کی جارہی ہے۔
فیس بک کا نیا ڈیسک ٹاپ میسنجر
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے ڈیسک ٹاپ میسنجرمتعارف کرانے کی منصوبہ بندی کرلی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں سال ونڈوز اورمیک کمپیوٹرز کے لیے فیس بک کا ڈیسک ٹاپ ورژن متعارف کرا دیا جائے گا۔
فیس بک نے یہ اعلان سان جوزے کیلی فورنیا میں ایف 8 ڈیویلپرکانفرنس میں کیا۔
ڈیسک ٹاپ کے مقابلے میں دنیا میں سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے اور اسی وجہ سے کمپیوٹرز میں بہتری لانے کا عمل سست پڑچکا ہے۔
دوسری جانب، آفس میں کام کرنے والے افراد کے لیے، جو زیادہ وقت ونڈوز یا میک کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں، میسیجنگ بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ انہیں دن بھر فیس بک استعمال کرتے رہنے میں سہولت دے گی۔
فیس بک میسنجرکے ڈیسک ٹاپ ورژن میں آڈیو، ویڈیواور گروپ ویڈیوکال سمیت تمام سہولتیں دستیاب ہوں گی جو موبائل فون ورژن میں ہوتی ہیں۔ دی ورج
سام سنگ کا نیا عمودی ٹی وی
سمارٹ فون اور دوسرے برقی آلات تیار کرنے والی دنیا کی بڑی کمپنی سام سنگ نے عمودی سکرین والا ٹیلی ویژن سیٹ ’دی سیرو‘ متعارف کرایا دیا ہے۔
کوریا میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے دی سیرو کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اسےخاص طور پر نوجوانوں کے لیے بنایا گیا ہے جو اپنے موبائل فون کوعمودی رکھ کراس پرویڈیو دیکھتے ہیں۔
تاہم اس ٹی وی کو افقی سمت میں رکھ کر بھی دیکھا جاسکے گا۔
اکثر لوگ موبائل کوعمودی رکھ کر ویڈیوبناتے ہیں جس کی وجہ سے بہت سی ایپلی کیشنزنے بھی اسی رخ سے ویڈیوز دکھانا شروع کردی ہیں۔ دی انڈپینڈنٹ
انسانی گردے کی ڈرون کے ذریعے منتقلی
امریکہ میں پہلی بار ڈرون کے ذریعے پیوند کاری کے لیے انسانی گردہ مطلوبہ مقام تک پہنچایا گیا ۔
یونیورسٹی آف میری لینڈ میڈیکل سینٹرنے کہا کہ گردے کی بذریعہ ڈرون منتقلی سے پتہ چلتا ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی انسانی عضو پیوندکاری کے لیے تیزترین اورمحفوظ طریقے سے کسی بھی جگہ پہنچایا جاسکے گا۔
خصوصی طورپرتیار کیے گئے ڈرون میں ایسے آلات نصب تھے جن کی مدد سے اس میں لے جائے گئے گردے پر5 کلومیٹرکی پرواز کے دوران نظررکھی گئی۔
یہ گردہ بالٹی مورکی 44 سالہ خاتون کو لگایا جانا تھا جو آٹھ برس سے ڈائیلاسس پرتھیں۔
ڈرون کی پرواز کے لیے محکمہ ہوا بازی سے خصوصی اجازت لی گئی۔ فضا میں بلند ہونے کے بعد ڈرون نے 400 فٹ کی بلندی پر پرواز کی اور مقررہ مقام پر پہنچنے کے لیے اسے 10 منٹ لگے۔ اے ایف پی
انسٹاگرام کا لائیکس چھپانے کا فیصلہ
انسٹاگرام نے پوسٹوں پرلائیکس کی تعداد چھپانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بڑی تبدیلی ایپ کومزید فعال بنانےکی کوشش ہے تاکہ صارفین لائیکس کے بجائے پوسٹ شئیرنگ پرتوجہ دے سکیں۔
ابتدائی طورپرلائیکس پوشیدہ رکھنے کا فیچرکینیڈا میں کچھ صارفین کے لیے ہو گا، بعد میں اس کا دائرہ تمام صارفین تک بڑھا دیا جائے گا۔
اس تبدیلی کے بعد صارفین یہ نہیں دیکھ پائیں گے کہ ان کی پوسٹ کوکتنی مرتبہ پسند کیا گیا۔ تاہم جب بھی ان کی پوسٹ لائیک کی جائے گی انہیں پتہ چل جائے گا۔
اسی طرح، پوسٹ کلک کرنے پراسے لائیک کرنے والے افراد کا توپتہ چل جائے گا لیکن ان کی تعداد معلوم کرنے کے لیے ایک ایک کرکے گنتی کرنا پڑے گی۔ دی انڈپینڈنٹ