سعودی عرب کی رائل فضائیہ کا دستہ کثیر القومی فضائی مشقوں میں میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچا ہے جس میں شریک ممالک جنگی تیاری کو بہتر کرنے کی مشق کریں گے۔
پاکستان فضائیہ (پی اے ایف) دو ہفتوں تک جاری ’اسیس میٹ -2021-1‘ نامی ان مشقوں کی میزبانی کر رہی ہے جس میں دنیا کے بہترین پائلٹوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان ایئر فورس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ امریکی فضائیہ بھی اس مشق میں حصہ لے گی جب کہ مصر، اردن اور بحرین کے عہدیدار بطور مبصر ان مشقوں میں شرکت کریں گے۔
پی اے ایف کے ترجمان نے عرب نیوز کو بتایا: ’یہ مشق شریک ایئر فورسز کو ایک دوسرے کے تجربات اور مختلف طیاروں کے آپریشنز سے سیکھنے میں مدد فراہم کرے گی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فضائیہ اس مشق میں اپنے ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے استعمال کرے گی جبکہ رائل سعودی ایئر فورس ٹارنیڈو طیاروں کے ساتھ ان مشقوں میں شریک ہے۔
پی اے ایف ترجمان نے بتایا کہ پاکستان فضائیہ کا خطے کے متعدد ممالک کے ساتھ قریبی تعاون ہے اور ان کے ساتھ باقاعدگی سے مشترکہ مشقیں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا: ’ہم ماضی میں سعودی عرب کے ساتھ مختلف مشقوں کا حصہ رہے ہیں۔ حال ہی میں ہم نے اپنے طیاروں کے ساتھ سعودی عرب میں الصقور II مشق میں حصہ لیا تھا۔‘