لیورپول فٹبال کلب نے منگل کی رات چیمپیئنز لیگ میں بہترین واپسی کرتے ہوئے بارسلونا کو چار۔ صفر سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں جگہ بنا لی۔
لیورپول کے کوچ جرگن کلوب نے اپنی ٹیم کی شاندار فتح کو کھلاڑیوں کی ’ذہنی سبقت‘ قرار دیا ہے۔
گذشتہ ہفتے کیمپ نو میں تین۔ صفر کی شکست اور اپنے دو اہم ترین زخمی کھلاڑیوں محمد صلاح اور روبرٹو فرمینو کی خدمات کے بغیر میدان میں اترنے والی لیورپول نے ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم بارسلونا کو ناکوں چنے چبوا دیے۔
اپنے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کلوب کا کہنا تھا: ’کسی اور ٹیم کے ساتھ میں اس بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ یہ ممکن ہو سکتا ہے، ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر برتری حاصل تھی۔ یہ ناقابل یقین فتح ہے‘۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کلوب کا کہنا تھا ’ہمارے اہم ہتھیار صلاح اور فرمینو زخمی ہونے کے باعث میدان سے باہر ہو چکے تھے اس کے باوجود ٹیم کی اس پچ پر ایسی کارکردگی ناقابل فہم ہے۔ مجھے اس ٹیم کا مینیجر ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے آج رات اس میدان پر جو کر دکھایا وہ غیر معمولی ہے اور مجھے یہ ہمیشہ یاد رہے گا‘۔
ریڈ شرٹس یکم جون کو میڈرڈ میں ڈچ کلب ایجیکس یا ٹوٹینھم سے فائنل میں ٹکرائیں گے۔
لیورپول نے 2005 میں اے سی میلان کو استنبول کے میدان پر تین ۔ صفر سے ہرا کر فٹبال چیمپئنز لیگ کی ٹرافی اپنے نام کی تھی اور اب یکم جون کو میڈرڈ میں بھی اس سے ایسی ہی کاررکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔
تاہم کلوب کی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کا ماضی سے موازنہ نہیں کرنا چاہتے۔
’استنبول میں جو ہوا وہ ماضی کا حصہ ہے۔ ہم اپنی موجودہ ٹیم کا اس سے موازنہ نہیں چاہتے۔ ہم نئی تاریخ رقم کریں گے۔ ہم ایک نئے باب کا اضافہ کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے کھلاڑی ایسا کر بھی رہے ہیں۔‘
لیور پول کے ڈچ کھلاڑی جارجینیو واینالڈوم کا کہنا تھا: ’ہم نے ایک بار پھر سے ثابت کر دیا کہ فٹبال میں کچھ بھی ممکن ہے‘۔
’جب مینیجر نے مجھے بینچ پر بیٹھنے پر مجبور کیا تو مجھے سخت غصہ آیا تاہم میں جب میدان میں اترا تو میں نے ٹیم کی جیت میں ہر ممکن مدد کی۔‘
دوسری جانب، شکست خوردہ بارسلونا کے کوچ ارنیسٹو ویلوری کو دوسری بار بڑی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ہسپانوی چیمپئن کلب کو گذشتہ برس بھی روما کے خلاف کواٹر فائنل میں چار۔ ایک سے شکست ہوئی تھی۔
بارسلونا کے کوچ ارنیسٹو ویلوری بھی اس کارکردگی سے شدید مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔ ’شکست کو دہرانا سب سے تکلیف دہ بات ہے۔ جب آپ اتنے برے طریقے سے گِرتے ہیں تو آئندہ آنے والے دن بھی اس کے خوفناک نتائج سے بچ نہیں پاتے۔‘