آج پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے قوم سے اپنے آن لائن خطاب میں کہا کہ ’جب ہماری حکومت کا ابتدائی دور تھا تو ہمارے پاس پیسے نہیں تھے۔ ریکارڈ خسارہ تھا۔‘
’قرضوں کے پیسے واپس کرنے کے لیے ہمارے پاس کچھ نہیں تھا۔ فارن ایکسچینج ریزرو ختم تھے، ڈیفالٹ ہو جاتے تو روپیہ 200، 250 یا تین سو تک پہنچ جاتا۔ اس مشکل وقت میں سعودی عرب، یو اے ای اور چین مدد نہ کرتے تو ہم ڈیفالٹ کر جاتے۔‘
Live Stream: Prime Minister of Pakistan @ImranKhanPTI's Message on Pakistan Tehreek-e-Insaf 25th Youm-e-Tasees (25.04.2021)#PrimeMinisterImranKhan #PTI25Years_AgainstMafia https://t.co/6esxi9rpUf
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) April 25, 2021
انہوں نے کہا کہ ملک کا پیسہ چوری اور منی لانڈرنگ کرکے باہر لے جارہے تھے تو تب میں نے اپنے دوستوں کے ساتھ فیصلہ کیا کہ ہم ایک پارٹی بنائیں گے، جس کا نام انصاف رکھا کیونکہ جب انصاف ہوتا ہے تو کرپشن ختم ہوجاتی ہے، انصاف کا مطلب قانون کی بالادستی، قانون کی بالادستی کا مطلب کمزور اور طاقت ور برابر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ طاقت ور لوگ جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں، اس وقت سارے ترقی پذیر ممالک کو تباہ کر رہے ہیں اور ان طاقت ور کرپٹ لوگوں کو قانون کے دائرے میں لانا ہی ہمارا مقصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’15 سال بڑی جدوجہد کی، جس میں میرے ساتھ کئی لوگ آئے اور کئی چلے گئے، کئی ہار مان گئے اور کئی کہنے لگے کہ ہمارا گھر میں مذاق اڑ رہا ہے، 2002 کے انتخابات میں چند لوگ رہ گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کامیاب انسان تب ہوتا ہے جو خواب وہ دیکھے اس کے لیے کشتیاں جلا کراس کی طرف جائے اور پھر کبھی واپس نہ آئے یعنی یا موت یا وہ کام ہوگا، تب وہ صلاحیتیں باہر آتی ہیں جو اللہ نے انسان کو دی ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’میرے سامنے نبیﷺ کی زندگی تھی، میں گہرا مطالعہ کر چکا تھا، قرآن ہمیں کہتا ہے کہ ان کی زندگی سے سیکھو۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ ’اللہ کے حبیب جب اللہ کا پیغام لے کر نکلے تو زندگی کے سب سے مشکل 13 سال سے گزرے، جان کا خطرہ تھا، بھوک سے بھی اللہ نے ان کو آزمایا تو میں نے سوچا یہ ہمارے لیے سبق ہے کہ جدوجہد سے کبھی نہیں گھبرانا چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کیونکہ اگلے دس برسوں میں انہوں نے دنیا کی تاریخ بدل دی، دنیا کی تاریخ میں کبھی اتنا بڑا انقلاب نہیں آیا لیکن اس کے لیے پہلے 13 سال تیاری کروائی۔‘
پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’اس دوران میں نے سیاست دانوں کو بہت قریب سے دیکھا، جو سب سے برے سیاست دان ہوتے ہیں، جو عوام کے نام پر اقتدار میں آکر پیسہ بناتے ہیں، اپنا پیٹ پالتے ہیں اورکرپشن کرتے ہیں، ساری دنیا میں اس قسم کے سیاست دانوں کو برا سمجھا جاتا ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’اب ہم الیکشن میں نئی چیزیں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو لے کر آرہے ہیں، جن کو ہم نے آزمالی ہیں جو دنیا میں ٹیسٹ کی ہوئی ہیں اور اس کے ساتھ پاکستان میں جو بھی الیکشن جیتے گا اس کو سب کہیں گے جیتا اور جو ہارا ہے وہ مان جائے گا۔‘