بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کو گذشتہ روز اُس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصاویر لگائیں جس میں انہوں نے پاکستان کا پرچم تھام رکھا تھا۔
راکھی نے اپنی تصاویر کے ساتھ لکھا کہ یہ ان کی نئی آنے والی فلم ’دھارا 370‘ میں ایک کردار کی تصویر ہے، جس کی شوٹنگ سے انہوں نے کچھ ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
لیکن جہاں بھارتی سوشل میڈیا کے صارفین کی جانب سے ان پر فوراً ’غدار‘ ہونے کے الزامات لگائے گئے، وہیں پاکستانی صارفین نے بھی ان کو پرچم کو اس طرح استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
زہریلی گرل کے نام سے ایک انسٹاگرام صارف نے لکھا: ’کیا آپ پیسوں کی خاطر دشمن ملک کا جھنڈا سینے سے لگا لیں گی؟‘
راجپوت سورج نے لکھا کہ بھارتی شہریوں کو ان کا یہ قدم اچھا نہیں لگا۔
پاکستانی انسٹاگرام صارف رابعہ پیرزادہ نے راکھی کی پوسٹ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
جبکہ میاں علی نے لکھا کہ انہیں پاکستان کا پرچم بہت پیارا ہے۔
تنقیدی پیغامات کے ردعمل میں راکھی نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اس فلم میں ایک پاکستانی خاتون کا کردار نبھا رہی ہیں اور وہ پاکستان کی عزت کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت پیارے ہوتے ہیں اور ہر ملک میں سب برے نہیں ہوتے۔
ایک تبصرے میں راکھی ساونت نے خود پر تنقید کرنے والوں سے کہا: ’اگر میں پسند نہیں تو میرے انسٹاگرام سے چلے جائیں۔‘
انسٹاگرام کے برعکس ٹوئٹر پر پاکستانی صارفین نے راکھی کی تصاویر پر مزاحیہ تبصرے کیے، جن میں انہیں ’پاکستان کی خفیہ جاسوس‘ کہا گیا۔