ملک بھر میں آج عید: مرکزی رویت ہلال کمیٹی

آج ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بروز بدھ اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کے بعد شہادتوں کی روشنی میں کل بروز جمعرات ملک بھر میں عید کا اعلان کر دیا گیا۔

 مولانا عبدالخبیر آزاد اس تصویر میں رمضان المبارک کا چاند دیکھ رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف  پی 23-04-2020)

ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بروز بدھ اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کے بعد شہادتوں کی روشنی میں آج جمعرات ملک بھر میں عید کا اعلان کر دیا گیا۔

صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی صدارت چیئرمین عبدالخبیر آزاد کر رہے تھے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوا، اجلاس میں وزارت سائنس اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک تھے۔

دوسری جانب ماہ شوال کے چاند کی شرعی رویت سے متعلق کراچی میں زونل کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات میں ہوا۔

زونل رویت ہلال کمیٹی کی سربراہی حافظ محمد سلفی کررہے تھے جبکہ دیگر شرکا میں قاری نظیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال،مولانا صابر شامل تھے۔

قبل ازیں مسجد قاسم علی خان  پشاور میں ’غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی‘ کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے خیبر پختونخوا میں جمعرات کو عید منانے کا اعلان کر چکے تھے۔

غیر سرکاری کمیٹی کا اجلاس مسجد علی خان میں مفتی پوپلزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پوپلزئی نے بتایا کہ مسجد قاسم علی خان کو شوال کے چاند کی رویت کی 24 شہادتیں موصول ہوئیں جب کہ صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں علما کو 175 سے زائد شہادتیں موصول ہو چکی ہیں۔

مفتی پوپلزئی نے بتایا ’شہادتیں موصول ہونے کے بعد ہم نے شہادتوں کو شرعی لحاظ سے دیکھا اور جمعرات کو عید کا اعلان کرتے ہیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہادتیں موصول ہونے کے بعد مسجد قاسم علی خان کی کمیٹی نے سرکاری زونل کمیٹی کو بھی شہادتوں سے آگاہ کیا ہے۔ زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ابھی تک سرکاری طور کچھ نہیں کہا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹر شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے لکھا ہے کہ ‏اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے لہذا چاند کا آج نظر آنا ممکن ہی نہیں ہے۔ 

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہو گی۔ سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان