مسجد قاسم علی خان پشاور میں ’غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی‘ کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے خیبر پختونخوا میں جمعرات کو عید منانے کا اعلان کردیا۔
غیر سرکاری کمیٹی کا اجلاس مسجد علی خان میں مفتی پوپلزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پوپلزئی نے بتایا کہ مسجد قاسم علی خان کو شوال کے چاند کی رویت کی 24 شہادتیں موصول ہوئیں جب کہ صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں علما کو 175 سے زائد شہادتیں موصول ہو چکی ہیں۔
مفتی پوپلزئی نے بتایا ’شہادتیں موصول ہونے کے بعد ہم نے شہادتوں کو شرعی لحاظ سے دیکھا اور جمعرات کو عید کا اعلان کرتے ہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہادتیں موصول ہونے کے بعد مسجد قاسم علی خان کی کمیٹی نے سرکاری زونل کمیٹی کو بھی شہادتوں سے آگاہ کیا ہے۔ زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ابھی تک سرکاری طور کچھ نہیں کہا جا رہا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین مولانا عبدالخبیر آزاد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ابھی تک مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور پشاور کی شہادتوں کو پرکھا جا رہا ہے۔
ان سے جب پوچھا گیا کہ ’میڈیا پر مرکزی کمیٹی کی جانب سے کہا جا رہا ہت کہ ابھی تک ملک بھر سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے تو پشاور کی شہادتوں کا کیا بنا؟‘ اس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’پشاور کی شہادتوں کو ہم دیکھ رہے ہیں۔‘
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹر شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے لہذا چاند کا آج نظر آنا ممکن ہی نہیں ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہو گی۔ سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔‘
اس وقت چاند کی عمر پاکستان میں 13 گھنٹے 42 منٹ ہے لہذا چاند کا آج نظر آنا ممکن ہی نہیں جن حضرات نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ ان کی آپشن ہے لیکن جھوٹ بول کر ماہ مقدس کا اختتام کرنا کہاں کی عقلمندی ہو گی، سیدھا کہیں کہ ہمیں عید افغانستان یا سعودیہ کے مطابق منانی ہے۔۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 12, 2021