معروف امریکی جریدے فوربز کی سالانہ فہرست کے مطابق مشرق وسطیٰ کی ایک سو طاقتور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سعودی عرب 37 کمپنیوں کے ساتھ چھایا ہوا ہے۔
سعودی عرب کی جو 37 کمپنیاں اس فہرست میں موجود ہیں ان میں دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی ارامکو سر فہرست ہے۔
فوربز کی سالانہ فہرست میں متحدہ عرب امارات 20 کمپنیوں کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے اداروں میں فرسٹ ابوظبی بینک سرفہرست ہے۔
مشرق وسطیٰ کی ایک سو طاقتور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سب سے زیادہ 42 اداروں کا تعلق بینکنگ سیکٹر سے ہے۔
گذشتہ برس 2020 کی فہرست میں یہ تعداد 46 تھی۔ اسی طرح فہرست میں دوسرے نمبر پر ریئل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے سیکٹرز ہیں۔ ان دونوں سیکٹرز کی فہرست میں 10، 10 کمپنیاں ہیں۔ تیسرے نمبر پر ٹیلی کمیونی کیشن کا سیکٹر ہے جس کی فہرست میں نو کمپنیاں ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رواں سال کی فہرست میں شامل سو کمپنیوں کی مجموعی فروخت کا حجم 550 ارب ڈالر رہا جبکہ خالص منافع کا حجم 91 ارب ڈالر رہا۔
گذشتہ برس کے مقابلے میں مذکورہ دونوں حجموں میں بالترتیب 17.9 فیصد اور 38.5 فیصد کی کمی ہوئی۔
فہرست میں شامل کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو کا مجموعی حجم 30 کھرب امریکی ڈالر ہے۔ سال 2020 کے مقابلے میں مارکیٹ ویلیو میں 30.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔
العربیہ کے مطابق امریکی جریدے فوربز کی مشرق وسطیٰ کی ایک سو طاقتور ترین کمپنیوں کی فہرست میں 37 کمپنیاں دنیا کی دو ہزار طاقتور ترین کمپنیوں سے متعلق فوربز جریدے کی فہرست یعنی گلوبل 2000 میں بھی شامل ہیں۔
2021 کے لیے عالمی فہرست میں سعودی ارامکو کمپنی کا پانچواں نمبر ہے۔