ایک خاتون رپورٹر کا زبردستی بوسہ لینے پربلغارین باکسر کوبارٹ پلیو پر کیلیفورنیا کے ایتھلیٹک کمیشن (سی ایس اے سی) نے جولائی تک کھیل میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پلیو نے مارچ میں ایک میچ کے بعد انٹرویو کے دوران خاتون رپورٹر کو چہرے سے پکڑ کرزبردستی بوسہ لیا تھا۔ انہیں کھیل کی پابندی کے ساتھ ساتھ جنسی ہراسانی کے حوالے سے کلاسز بھی لینا پڑیں گی۔
بلغارین باکسر نے منگل کو سی ایس اے سی کی سماعت کے دوران خاتون رپوٹر جینیفر ریوالو کا سامنا کیا، جنہوں نے نم آنکھوں کے ساتھ اپنا تصدیقی بیان ریکارڈ کرایا۔
ہیوی ویٹ باکسر پلیو کو چار ماہ معطلی کی سزا سنائی گئی جو واقعے کے وقت یعنی مارچ سے جولائی تک لاگو ہو گی جبکہ ان کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں دوبارہ کھیلنے سے قبل ڈھائی ہزار ڈالرز جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔
پلیو نے، جنہیں اب تک 27 مقابلوں کے دوران صرف ایک فائٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، مارچ میں کوسٹا میسا میں کھیلے گئے میچ میں رومانیہ کے حریف بوگڈن ڈنو کو ساتویں راؤنڈ میں ناک آوٹ کرنے کے بعد ریوالو کے ساتھ انٹرویو کے دوران ان کا چہرا پکڑ کر زبردستی بوسہ لیا تھا۔
سماعت کے دوران پلیو نے اپنے طرزعمل پر معذرت کی۔ اس دوران ان کی گرل فرینڈ، پاپ گلوکارہ اینڈریا، سیاہ چشمہ لگائے ان کے پیچھے بیٹھی تھیں۔
پلیو کے وکیل نے سماعت کے دوران کہا کہ ان کے موکل نے جیت کے بعد جذبات کی رو میں بہتے ہوئے سوچے سمجھے بغیر رپوٹر کا بوسہ لیا۔
پلیو اور ان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا ریوالو اُس وقت واقعے پر دکھی نہیں دکھائی دے رہی تھیں بلکہ وہ اُس رات مقابلہ جیتنے کے جشن میں دوسرے دوستوں کے ہمراہ ان کے ساتھ تھیں۔
تاہم، ریوالو نے روتے ہوئے بیان دیا کہ پلیو نے انٹرویو کے بعد کیمرا بند ہونے پر ان کی پشت کو نامناسب انداز سے چھوا جس سے ان کو شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹر کے مطابق پلیو نے اس فعل کے دو مہینے بعد بھی ان سے معذرت نہیں کی۔ جینیفر نے روتے ہوئے کہا: ’میں نہیں چاہتی تھی کہ وہ میرا بوسہ لیں۔‘