ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا فیصلہ

بی سی سی آئی کے عہدیدار ارون دھومل نے کہا: 'ہم نے ورلڈ کپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے فیصلے کے بارے میں آئی سی سی کو بتایا ہے۔ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں بچا تھا کیونکہ کوویڈ 19 کی صورتحال واضح نہیں ہے اور سفری پابندیاں بھی برقرار ہیں۔'

(فائل فوٹو: اے ایف پی)

بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے پیر کو بتایا ہے کہ کرونا (کورونا) وائرس کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کیا جارہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بی سی سی آئی کے عہدیدار ارون دھومل نے کہا: 'ہم نے ورلڈ کپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے فیصلے کے بارے میں آئی سی سی کو بتایا ہے۔ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں بچا تھا کیونکہ کوویڈ 19 کی صورتحال واضح نہیں ہے اور سفری پابندیاں بھی برقرار ہیں۔'

ارون دھومل نے مزید کہا: 'تاریخیں کم و بیش ایک جیسی ہوں گی اور ہم جلد ہی تفصیلات دیں گے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ برائے انڈیا (بی سی سی آئی) کو ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے لیے میزبان ملک کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے جون کے آخر کی ڈیڈ لائن دی تھی، جس کی وجہ بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی خطرناک شرح ہے۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ کوالیفائر میچز عمان میں ہوسکتے ہیں جبکہ باقی میچز متحدہ عرب امارات کے تین مقامات دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں ہوں گے۔

بھارت میں اگرچہ حالیہ ہفتوں میں لاک ڈاؤن کی کچھ پابندیوں میں نرمی آئی ہے تاہم اپریل اور مئی میں کرونا وائرس کی شرح میں خطرناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں میں کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد ستمبر - اکتوبر میں معطل انڈین پریمیئر لیگ کو پہلے ہی متحدہ عرب امارات منتقل کردیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ