سعودی عرب کی ایک اور ایئر لائن ’فلائی اے ڈیل‘ پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن کا آغاز دو فروری سے شروع کر رہی ہے اور پہلی پرواز ریاض سےکراچی پہنچے گی۔
ایوی ایشن سیکورٹی کے ترجمان شاہد قادر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’سعودی عرب کی نئی ایئر لائن کے پاکستان آنے سے مسافروں کو براہ راست سفر کی ایک اور سہولت میسر آئے گی۔ نئی ایئرلائن سے پاکستان میں نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں فلائی اے ڈیل کی ہفتے میں چار پروازیں ہوں گی ’دو لاہور سے اور دو کراچی سے۔ یہ تیسری سعودی ایئر لائن ہو گی جو پاکستان کے لیے جو آپریشنل ہو گی۔ دونوں روٹس کے لیے ایئربس A320 ہوائی جہاز استعمال ہوں گے۔ اس کے علاوہ سعودی ایئر لائن اور فلائی ناس پہلے سے ہی آپریشنل ہے جس کی فریکوئنسی بھی ہفتہ وار کے حساب سے چل رہی ہیں۔‘
فلائی اے ڈیل کی پہلی پرواز کراچی پہنچنے پر طیارے کو ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے واٹر سلوٹ پیش کیاجائے گا، سی اے اے فلائی اے ڈیل کو پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کی اجازت پہلے ہی دے چکی ہے۔
ایوی ایشن امور کے ماہر صحافی صلاح الدین نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’فلائی اے ڈیل کی یہ پروازیں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سفر کو آسان بنائیں گی اور دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ اقدام پاکستانی اور سعودی شہریوں کے درمیان کاروباری، سیاحتی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ بجٹ کیریئر کی جانب سے بین الاقوامی توسیع کی ایک بڑی مہم کا آغاز ہے اور یہ ایئر لائن کی پاکستان اور جنوبی ایشیا کے لیے پہلی باقاعدہ سروس ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہوا بازی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے عاصم نواز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پاکستان میں ایوی ایشن شعبے میں ترقی کے بہت امکانات ہیں کیوں کہ ’ایئر سیرین اور ایئر سیال کے پاس جہازوں کی کمی ہے، جب حج و عمرے کے مسافر دیگر ایئر لائنز سے سفر کرتے ہیں تو انہیں مہنگا پڑتا ہے جبکہ فلائی اے ڈیل سے پاکستانی مسافروں کو فائدہ ہوگا۔‘
ٹکٹ فروخت کرنے والی ایک نجی کمپنی سے منسلک فرقان میمن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عمرہ کے لیے سعودی عرب کا سفر کرنے والوں میں پاکستانی سر فہرست ہیں اس لیے ان کے بقول ’فلائی ڈیل نے اپنا نیا بزنس روٹ ڈھونڈا ہے۔
’اس ایئر لائن کے آنے سے ایک فائدہ یہ ہے کہ ’اس وقت عمرہ سیزن چل رہا ہے اور پاکستانیوں کو ایک نئی ائیر لائن دستیاب ہو سکے گی۔‘