پاکستان نے اتوار کو کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف فالو آن ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت زبردست واپسی کی ہے۔
کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 194 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے بعد جنوبی افریقہ نے انہیں دوبارہ بیٹنگ کرنے کا کہا۔
پاکستان نے فالو آن ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ شاید وہ یہ ٹیسٹ میچ ایک اننگز سے ہار جائے مگر شان مسعود اور بابر اعظم نے ایسے اندازوں کو اس وقت غلط ثابت کر دیا جب دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 205 رنز بنا ڈالے۔
یہ پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی ہے۔
کپتان شان مسعود سینچری سکور کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور 102 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں تاہم ان کا ساتھ دینے والے بابر اعظم تیسرے دن کے کھیل کے اختتام سے کچھ لمحے پہلے ہی ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بابر اعظم کے پاس اگست 2023 کے بعد پہلی سینچری سکور کرنے کا نادر موقع تھا جو انہوں نے گنوا دیا۔ انہوں نے 124 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 81 رنز کی اننگز کھیلی جو ان کی اس ٹیسٹ میچ میں لگاتار دوسری نصف سینچری ہے۔
شان مسعود کی 102 رنز کی اننگز میں 14 چوکے شامل ہیں جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے نائٹ واچ مین خرم شہزاد موجود ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے ابھی مزید 208 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی نو وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے میچ کے تیسرے روز 64 رنز تین کھلاڑی سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو بابر اعظم اور محمد رضوان نے 98 رنز کی پارٹنرشپ کی مگر پاکستان ٹیم اس سے کوئی فائدہ نہ اٹھا سکی اور 194 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں بابر اعظم 58 اور محمد رضوان 46 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
جنوبی افریقہ کے لیے ربادہ نے تین، پہلا میچ کھیلنے والے ماپھاکا اور مہاراج دو، دو وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ ینسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔