پاکستان میں کرونا (کورونا) وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے قائم کیے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان ایسے ممالک جانے والے اپنے شہریوں کو امریکی کمپنی موڈرنا کی ویکسین لگائے گا جو چینی ویکسینز کو تسلیم نہیں کر رہے۔
’عرب نیوز‘ کے مطابق گذشتہ روز موڈرنا ویکسین کی 50 لاکھ خوراکوں کی ایک کھیپ اسلام آباد پہنچی جو امریکہ نے ’کوویکس گلوبل ویکسین انیشیٹیو‘ اور یونیسف کی شراکت سے پاکستان کو عطیہ کی ہے۔
کرونا کی صورت حال پر نظر رکھنے والے قومی ادارے کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ہفتے کو ایک ٹویٹ میں امریکہ کے اس اقدام کے بعد صدر جو بائیڈن کی اس پالیسی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
امریکی صدر نے اپنی ’پروگریسیو پالیسی‘ کے تحت جون کے اختتام تک دنیا کے دیگر ممالک کے لیے کرونا ویکسین کی آٹھ کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
Recieved 2.5 million doses of moderna sent by US govt. This will particularly those those who have to travel for work or study to countries which are only accepting certain vaccines . @POTUS @JoeBiden progressive policy on covid is much appreciated @SecBlinken
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 3, 2021
کئی دنوں سے بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانی مشرق وسطیٰ کی متعدد ریاستوں کی جانب سے منظور شدہ ویکسین کی ملک میں قلت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
ایک حالیہ واقعے میں بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی شہریوں نے فائیزر یا ایسٹرا زینیکا کی خوراک حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں قائم ایک بڑے ویکسینیشن سینٹر پر دھاوا بول دیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
موڈرنا ویکسین پاکستان پہنچنے کے بعد جمعے کو امریکی سفارت کار انجیلا پی ایگیلر نے ایک بیان میں کہا: ’پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کو یہ محفوظ اور موثر ویکسین پاکستانی عوام کو پیش کرنے پر مسرت ہے۔ ہم اس ویکسین کی فراہمی اور (وبا کے خاتمے) کے مقصد کو حقیقت بنانے کے لیے پاکستانی حکومت اور اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ جاری تعاون کو سراہتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے پاکستانی حکومت کو کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے تقریباً پانچ کروڑ ڈالر کی امداد بھی فراہم کی ہے۔
امریکہ نے کم اور درمیانی آمدنی والے 92 ممالک میں ویکسین کی خریداری اور فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عالمی انیشیٹیو ’کوویکس‘ کے لیے چار ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
اس سے قبل کوویکس کے تحت پاکستان کو مئی میں ایسٹرا زینیکا ویکسین کی 12 لاکھ خوراکیں فراہم کی گئی تھیں۔
حالیہ مہینوں میں پاکستان کرونا وائرس کی تیسری لہر کا مقابلہ کر رہا ہے تاہم حکومت نے سخت قواعد اور ویکسینیشن مہم کے ذریعے اس لہر پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے۔
22 کروڑ افراد پر مشتمل اس ملک میں فروری سے لے کر اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ کرونا کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
حکومت نے پیر کو ملک بھر میں پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا کیونکہ انفیکشن کی تعداد میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔