کانز یا کین؟ شہر کا درست نام کیا ہے؟

اردو میڈیا میں اس لفظ کو اکثر غلط لکھا اور بولا جاتا ہے۔ ہم نے انڈپینڈنٹ اردو کے ٹوئٹر اور فیس بک پیجز پر لوگوں سے یہی سوال پوچھا تو اکثریت نے کانز کے حق میں ووٹ دیے۔

کریڈٹ: pixabay.com

فرانس کا مشہور ساحلی شہر، دنیا بھر کے سیاحوں کا من بھاتا تفریحی مقام، جہاں ہر سال مشہورِ زمانہ فلمی میلہ منعقد ہوتا ہے۔ لیکن اس شہر کا نام کیا ہے؟

کانز، کان، کینز یا پھر کین؟

حیرت کی بات ہے، بلکہ شاید اتنی حیرت کی بات نہیں ہے کہ اردو میڈیا میں اس لفظ کو اکثر غلط لکھا اور بولا جاتا ہے۔ ہم نے انڈپینڈنٹ اردو کے ٹوئٹر اور فیس بک پیجز پر لوگوں سے یہی سوال پوچھا تو اکثریت نے کانز کے حق میں ووٹ دیے۔ ٹوئٹر کی صورتِ حال یہ رہی:

7% کین

8% کان

42% کینز

43% کانز

اصل تلفظ کیا ہے؟ اس سے پہلے تھوڑا رک کر ایک نظر فرانسیسی زبان کی ایک خوبی یا خامی کا ذکر کر لیتے ہیں۔ اس شیریں زبان کے بولنے والے لفظ کے آخر میں آنے والے حروف اکثر و بیشتر کھا جاتے ہیں۔ مثلاً یہ قوم ٹکٹ کو لکھتی تو Le ticket ہے، لیکن بولتی تِیکے ہے۔ اسی طرح grand prix لکھیں گے، لیکن  دونوں الفاظ کے آخر میں آنے والے حرف منفی کر کے ’گراں پری‘ بولے جاتے ہیں۔

یہاں ہم جلدی سے آپ کو ایک گُر کی بات بتاتے ہیں کہ فرانسیسی زبان کے کسی حرف کے آخر میں اگر d, p, t, x, p, s آتے ہیں تو وہ بولنے میں نہیں آتے (اکا دکا استثنائی مثالوں کو چھوڑ کر)۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بلکہ کسی ستم ظریف نے لکھا ہے کہ اگر فرانسیسی میں سے تمام سائلنٹ حروف منہا کر دیے جائیں تو اس زبان کی ڈکشنری آدھی رہ جائے گی!

تو اب آئیے Cannes کی طرف۔ اس حرف کے آخر میں آنے والا ایس بھی خاموش ہو جائے گا۔ اب مقابلہ کان اور کین کے بیچ رہ گیا۔ اس دنگل کے حل کے لیے ہم چلتے ہیں اس شہر کی سیاحتی ویب سائٹ پر کہ وہ اپنے شہر کے تلفظ کے بارے میں کیا کہتی ہے۔

اس ویب سائٹ کے مطابق ’کان‘ تو سٹار ٹریک سیریز کا کردار ہے، جب کہ شہر کے نام کا تلفظ وہی ہے جو بیئر کے کین کا ہوتا ہے۔

تو اوپر پوچھے گئے سوال کا درست جواب ہے، کین!

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ