اولمپکس میں شریک امریکی جمناسٹ جورڈن چائلز کی والدہ ٹھیک اس دن جیل میں قدم رکھیں گی، جس دن ان کی بیٹی ٹوکیو گیمز میں سونے کے میڈل کے لیے مقابلے میں شرکت کریں گی۔
جینا چائلز اپنی ایک سال اور ایک دن کی قید اس دن شروع کریں گی جس دن اولمپکس کے فائنل میں خواتین کی ٹیم کی شرکت متوقع ہے۔
امریکی ریاست اوریگن سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ جمناسٹ پہلی بار اولمپکس میں شرکت کر رہی ہیں اور وہ چار رکنی آرٹسٹک جمناسٹک ٹیم کا حصہ ہیں۔
ان کی والدہ جینا چائلز نے اپنی پراپرٹی مینجمنٹ کمپنی ’انسپائر ویژن پراپرٹی مینیجمنٹ ایل ایل سی‘ کے ذریعے اپنے کلائنٹس کے لاکھوں ڈالر چرانے اور خرچ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
انہوں نے وائر فراڈ کے جرم کا اعتراف کیا اور اپنی جیل کی سزا مکمل کرنے کے بعد انہیں 12 لاکھ ڈالر بحالی کی مد میں واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
این بی سی کے شو میں بات کرتے ہوئے جینا چائلز کا کہنا تھا کہ ’ہر وہ لمحہ جب میں جورڈن کو دیکھتی ہوں بطور ماں میرے لیے بہت خوبصورت لمحہ ہوتا ہے۔ میں اسے ملے جلے احساس کے طور پر نہیں بلکہ بہت اچھے احساس کے طور پر دیکھتی ہوں کہ میری بیٹی اولمپکس میں شریک ہے۔‘
جینا کو ہر صورت میں 27 جولائی کو دن دو بجے تک امریکی بیورو آف پرزن کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔
وفاقی عدالت کی دستاویزات کے مطابق ایک کلائنٹ کلارا پرل سٹین نے جینا چائلز کو پورٹ لینڈ میزوری میں واقع وکٹورین بیلے مینشن شادی بیاہ کے ایونٹ منعقد کرنے کے لیے دیا تھا، جس میں انہیں نو لاکھ 45 ہزار ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پرل سٹین جنہوں نے جینا چائلز کو انسپائر ویژن شروع کرنے میں مدد فراہم کی تھی، نے سی بی ایس 42 میں انہیں ایک ایسی فرد قرار دیا ’جس میں کچھ شرم نہیں ہے۔ جو ایک دھوکے باز ہیں اور جو مکمل طور پر دھوکہ دیتی ہیں۔‘
عدالتی دستاویزات کے مطابق جینا چائلز نے گذشتہ چار سال سے زائد کے عرصے میں ’اتنی زیادہ رقم چوری کی کہ وہ کلائنٹس کے پیسے کو ایک سے دوسرے کو منتقل کرکے اس کمی پر پردہ نہیں ڈال سکیں۔‘
جورڈن چائلز کو ٹوکیو اولمپکس میں اپنے ساتھی کھلاڑی سیمون بائلز کی حمایت دستیاب ہوگی۔
ان کی دوستی کے حوالے سے سیمون کی والدہ نیلی بائلز کا کہنا ہے کہ ’سیمون اس لیے ان کی حمایت کرتی ہیں کیوں کہ وہ بھرپور محنت کرتی ہیں۔ میں انہیں جورڈن کے ساتھ بھی محنت کرتے دیکھتی ہوں۔ ان کی دوستی بہت اچھی ہے۔ وہ آپس میں لڑتی بھی ہیں۔ میرا یقین کریں۔ ہم اس بارے میں بات نہیں کریں گے۔ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہتی کیوں کہ اگلے ہی لمحے وہ ایک دوسرے کو گلے لگا لیتی ہیں۔ ان کی دوستی بہت خاص ہے۔‘
© The Independent