پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آخر کار ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ میں تبدیلیاں کر ہی دیں، جس کے بعد اب پاکستان ’صحیح معنوں‘ میں فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
چیف سلیکٹر انصمام الحق نے پیر کو پاکستانی سکواڈ میں تین تبدیلیوں کا اعلان کیا اور اس کی وجوہات بھی بتائیں۔ ان میں سے دو تبدیلیاں تو متوقع تھیں لیکن ایک یعنی وہاب ریاض کی شمولیت غیرمتوقع تھی۔
انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ورلڈ کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے انصمام الحق نے پہلے ہی کہا تھا کہ اس سکواڈ میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
انضمام الحق نے حتمی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ فہیم اشرف، عابد علی اور جنید خان کی جگہ محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کو ورلڈ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
کسے کیوں شامل کیا گیا؟
انضمام الحق نے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بڑے اطمینان کے ساتھ صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے کس کھلاڑی کو کیوں سکواڈ میں شامل کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی گئی حالیہ ون ڈے سیریز سے اندازہ ہوا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہوگی لہذا کوئی ایسا بولر چاہیے جو اننگز کے آخری اووروں میں ریورس سوئنگ کرنا جانتا ہو۔
پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا اور کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اس ہار کی ایک بڑی وجہ ناتجربہ کار پاکستانی بولنگ تھی۔
اسی لیے پاکستانی سکواڈ میں وہاب ریاض اور محمد عامر کی واپسی ہوئی ہے۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ’وہاب ریاض چونکہ تجربہ کار بولر ہیں، تیز گیندیں کرنے کے لساتھ ساتھ ریورس سوئنگ بھی کرنا جانتے ہیں اس لیے وہ ان وکٹوں پر فائدہ مند ثابت ہوں گے۔‘
’محمد عامر کو سکواڈ میں اس لیے شامل کر رہے ہیں کہ وہ ایک سینیئر بولر ہیں اور ان کا اکانومی ریٹ بھی سب سے بہتر ہے۔‘
محمد عامر وہ واحد بولر ہیں جن کا نام بار بار انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران کبھی کرکٹ مبصرین تو کبھی سوشل میڈیا صارفین اور کبھی کرکٹ تجزیہ کاروں کی جانب سے سامنے آتا رہا تھا لیکن وہ درحقیقت چکن پاکس کی وجہ سے سیریز کا ایک میچ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔
ان کے علاوہ جو تیسری تبدیلی کی گئی ہے وہ آصف علی ہیں جنھیں نوجوان اوپننگ بلے باز عابد علی کی جگہ سکواڈ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
انضمام الحق کہتے ہیں کہ عابد علی کو سکواڈ سے نکالنا ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ پاکستان کو انگلینڈ کی ان وکٹوں پر ایک ایسے بلے باز کی ضرورت ہوگی جو نیچے کے نمبروں پر آ کر تیزی سے رنز سکور کر سکے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کا حتمی سکواڈ
ورلڈ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی حتمی سکواڈ میں یہ کھلاڑی شامل ہیں:
سرفراز احمد ( کپتان )، فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، حارث سہیل، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، آصف علی، محمد عامر، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین۔
ورلڈ کپ میچز کا آغاز 30 مئی سے ہو رہا ہے جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔