کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز ایم وی ہینگ ٹانگ 77 کے ساتھ پھنسی بارج کو اتوار کو کامیابی سے نکال لیا گیا ہے۔
جہاز کا ریسکیو آپریشن کرنے والی کمپنی سی میکس مرین سروسز کے مالک عارف شیخ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اس بارج کو نکالنے میں ایک ٹگ بوٹ ایم ٹی ہارمنی اور ایک ملٹی کیٹ سی کویسٹ بوٹ استعمال کی گئی ہے۔
ان کے مطابق بارج کو نکالنے کا عمل ایک گھنٹے میں مکمل ہوا ہے۔ یہ ایک خاص قسم کا جہاز ہے جسے کرین ویسل بھی کہا جاتا ہے۔ اس پر ایک کرین نسب ہوتی ہے۔ یہ وزنی سامان اٹھانے، جہاز کو کھیچنے اور تعمیراتی کام کرنے میں استعمال ہوتی ہے۔ سی میکس کی جانب سے استعمال کی جانے والی بارج کا وزن 850 ٹن ہے۔
سی میکس کے مالک عارف شیخ کے مطابق: ’یہ بارج کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے لائی گئی تھی لیکن اینکر ٹوٹنے کی وجہ سے یہ بھی ساحل پر آگئی تھی۔ مگر آج اسے کامیابی سے سمندر میں 950 میٹرز تک دھکیل دیا گیا ہے۔ یہ بارج سی ویو پر پھنسے جہاز کو نکالنے لیے انتہائی اہم ہے۔‘
کراچی کے ساحل پر ایک مال بردار جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو پھنسے ہوئے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ بیت گیا ہے۔ 19 جولائی کو ایک لنگر ٹوٹنے پر بحری جہاز کو کراچی پورٹ میں جگہ دینے کی درخواست کی گئی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
21 جولائی کو عید الضحیٰ کے پہلے دن جہاز پانی میں تیرتا ہوا کراچی کے ساحل پر پھنس گیا۔
24 جولائی کو وزارت بحری امور نے واقعے کی تحقیقات کے لیے سرکاری تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی، جس کی رپورٹ ابھی تک شائع نہیں ہوئی۔
26 جولائی کو جہاز کو نکالنے کے آپریشن کی تیاری شروع کردی گئی۔ شاول اور ایکسکیویٹرز کی مدد سے جہاز کے ارد گرد مٹی کو ہٹانے کا کام شروع ہوگیا۔
10 اگست کو جہاز کو نکالنے کا تین روزہ آپریشن شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔