بھارت سے میچ سے قبل راشد خان نے افغانوں سے کیا درخواست کی؟

افغانستان کے سپر سٹار سپنر راشد خان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج بھارت کے ساتھ اہم میچ سے قبل افغان شہریوں سے ٹوئٹر پر پشتو زبان میں ایک خصوصی اپیل کی ہے۔

راشد خان 31 اکتوبر 2021 کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران (فوٹو: اے ایف پی)

افغانستان کے سپنر راشد خان نے بھارت کے ساتھ میچ سے قبل اپنے ہم وطن تماشائیوں سے درخواست کی ہے کہ میچ کے دوران نظم و ضبط کا خیال رکھیں اور ٹکٹ کر سٹیڈیم میں داخل ہوں۔

انہوں نے پشتو زبان میں ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں کہا: ’میں چاہتا تھا کہ ایک چھوٹا سا پیغام آپ کے ساتھ شیئر کروں۔ وہ چاہنے والے ہم وطن جو متحدہ عرب امارات میں ہیں اور میچ قریب سے دیکھنے کے لیے آنا چاہتے ہیں، ان سب سے درخواست اور خواہش ہے کہ میدان میں جب آئیں تو ساتھ ٹکٹ لے کر آئیں۔ کوشش کریں کہ ٹکٹ کے بغیر نہ آئیں۔‘

افغانستان کی ٹیم کے لیے یہ میچ انتہائی اہم ہے۔ اگر وہ اسے جیت جاتے ہیں تو ان کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنے کا واضح امکان پیدا ہو جائے گا، کیوں کہ اب تک وہ صرف ایک میچ ہارے ہیں اور ان کا رن ریٹ بھارت سے بہت بہتر ہے۔

اس کے مقابلے میں بھارت اگر میچ جیت بھی جائے، تب بھی اس کے لیے  سیمی فائنل میں پہنچنا بےحد دشوار ہے کیوں کہ وہ نیوزی لینڈ سے بھی شکست کھا چکا ہے۔

راشد خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا: ’جیسی بدنظمی دبئی گراؤنڈ میں ہوئی تھی کہ بہت سے چاہنے والے بغیر ٹکٹ کے آ گئے تھے، جس کی وجہ سے بدنظمی پیدا ہو گئی، اس لیے میری خواہش ہے کہ آپ میچ دیکھنے آئیں تو ٹکٹ لے کر آئیں۔‘

انہوں نے درخواست کی: ’آپ سب منظم طریقے سے میدان میں آئیں اور اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ہم دنیا کو دکھائیں کہ ہم کتنے نظم و ضبط والے لوگ ہیں۔‘

راشد خان کے اس بیان کا پس منظر یہ ہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ میں ہزاروں افراد نے بغیر ٹکٹ سٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔

اس حوالے سے آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ کے لیے 16 ہزار ٹکٹ جاری کیے گئے تھے مگر اس سے کہیں زیادہ تعداد میں لوگوں نے سٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی جس سے افراتفری پیدا ہو گئی۔

آئی سی سی کے مطابق سٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے شائقین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی مدد طلب کی گئی اور سٹیڈیم کے گیٹ بند کر دیے گئے، تاہم اس کی وجہ سے ٹکٹ رکھنے ولے افراد بھی میچ دیکھنے سے محروم ہو گئے۔ آئی سی سی نے ان لوگوں کو ٹکٹ کی رقم ری فنڈ کرنے کی پیش کش کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے جواب میں hunza21777@ نامی ایک صارف نے ایک ویڈیو شیئر کر کے لکھا کہ بدنظمی کی وجہ یہ تھی کہ بغیر ٹکٹ والے سٹیڈیم میں داخل ہو گئے تھے اور ٹکٹوں والے باہر رہ گئے۔

اس سے پہلے افغانستان کی ٹیم کے کپتان محمد نبی بھی شائقین سے اپیل کر چکے ہیں کہ وہ ٹکٹ لے کر ہی میچ دیکھنے آئیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’افغان مداح، برائے مہربانی ٹکٹ خریدیں اور پھر سٹیڈیم کا رخ کریں۔ ایسا دوبارہ مت کیجیے گا۔ یہ اچھا نہیں۔‘

راشد خان دنیا کے خطرناک ترین بولروں میں سے ایک ہیں اور حالیہ ورلڈ کپ کے دوران بھی انہوں نے مخالف بلےبازوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ پاکستان کے خلاف میچ میں انہوں نے پاکستانی ٹیم کے کپتان اور دنیا کے چوٹی کے بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم کو سخت پریشان کیا اور آخر میں ان کی وکٹ بھی لے اڑے۔

عرب امارات کی وکٹوں پر وہ مزید خطرناک ہو جاتے ہیں اور بھارت کی ٹیم کو جوکھم میں ڈال سکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ