شعیب اختر سے لاکھوں بار معافی مانگتا ہوں: نعمان نیاز

پاکستان کے سرکاری سپورٹس چینل پی ٹی وی سپورٹس کے سابق میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے سٹار کرکٹر شعیب اختر سے لایئو ٹی وی شو کے دوران الجھنے پر معافی مانگ لی ہے۔

شعیب اختر سے تلخ کلامی کے واقعے کے بعد پی ٹی وی سپورٹس نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو آف ایئر کر دیا تھا (ٹوئٹر/ ڈاکٹر نعمان نیاز)

پاکستان کے سرکاری سپورٹس چینل پی ٹی وی سپورٹس کے سابق میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے سٹار کرکٹر شعیب اختر سے لایئو ٹی وی شو کے دوران الجھنے پر معافی مانگ لی ہے۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے صحافی رؤف کلاسرا کو ان کے یوٹیوب چینل پر انٹرویو میں بتایا کہ جو کچھ ہوا اور ان کے غصے پر جو سخت ردعمل سامنے آیا وہ جائز تھا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے کوئی حق نہیں تھا۔ انسان غلطی کر گزرتا ہے اور اس کے لیے میں معافی مانگتا ہوں۔ ایک دفعہ نہیں بلکہ لاکھوں مرتبہ۔ شعیب ایک راک سٹار ہے اور مجھے اس کی کرکٹ بہت پسند ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ شعیب اختر بھی اس معاملے میں دکھی ہوا یا کسی بات نے اس کے غصے کو ہوا دی۔ ’جو بھی کیمرہ پر ہوا وہ غیر مہذب تھا۔‘

انٹرویو کے دوران ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں میزبان تھا اور یہ واقعہ بین الاقوامی سٹارز کی موجودگی میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘

ڈاکٹر نعمان نیاز نے یہ بھی کہا کہ ان کے والد نے اس واقعے پر کہا کہ ’مجھے اپنی غلطی کی ذمہ داری اٹھانی چاہیے۔‘

’نعمان نیاز کو اسی وقت معاف کر دیا تھا‘

دوسری جانب سابق کرکٹر شعیب اختر نے نجی ٹیو چینل جیو نیوز کے ایک پروگرام میں کہا کہ انہوں نے ملک کی خاطر نعمان نیاز کو اسی وقت معاف کر دیا تھا اور شو چھوڑ کر آ گئے تھے۔

شعیب نے کہا وہ شو کے میزبان کے معافی مانگنے کا انتظار کرتے رہے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور اس بات کی وجہ سے ان کو شو چھوڑنا پڑا۔

ایک ہفتہ قبل پی ٹی وی سپورٹس پر شعیب اختر اور میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان براہ رست پروگرام میں تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد سابق فاسٹ بولر نے پی ٹی وی سپورٹس سے اسی شو کے دوران مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

ہوا کیا تھا؟

26 اکتوبر کی رات نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ کے بعد پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام (گیم آن ہے) میں میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے سوال کیا جس کے جواب میں دونوں کے درمیان تلخی کا سلسلہ شروع ہوا۔

کرکٹر حارث رؤف اور شاہین آفریدی پر بحث چھڑنے پر شعیب اختر نے کہا، ’سر پلیز! سم بڈی کیم ٹو دا ورک (آج کوئی کام پر آیا ہے)۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہاں سے صورتحال خراب ہوئی اور ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ ’آپ بدتمیزی (RUDE) کر رہے ہیں۔ تو میں یہ نہیں کہنا چاہتا تھا۔۔۔ لیکن آپ اوور سمارٹ ہو رہے ہیں تو چلے جائیں۔ میں یہ آن ایئر کہہ رہا ہوں۔‘

اس پر شعیب اختر کو دھچکا لگا اور کچھ دیر کے لیے خاموشی ہو گئے جس کے بعد ڈاکٹر نعمان نیاز نے بریک لے لی۔

بعدازاں شعیب اختر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میزبان نعمان نیاز نے معذرت نہیں کی، جس کے بعد ان کے پاس استعفے کے سوا کوئی اور چارہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے پی ٹی وی سپورٹس پر اس واقعے اور سابق فاسٹ بالر کے استعفیٰ کے بعد تحقیقات کے لیے ایک کیمٹی قائم کر دی تھی۔

پی ٹی وی سپورٹس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’پی ٹی وی انتظامیہ کا ٹی وی سپورٹس پر شعیب اختر کے ساتھ پروگرام میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل