امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور لندن کے میئر صادق خان کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے جس میں صدر ٹرمپ نے سرکاری دورہ برطانیہ شروع کرنے سے قبل ہی مئیر صادق خان کو ’بے حس‘ اور ’بری کارکردگی‘ دکھانے والا قرار دے دیا اور میئر صادق نے جواب میں انہیں ’بچگانہ‘ اور ’انتہائی دائیں بازو‘ سے تعلق رکھنے والا کہا۔
سوموار کو ٹرمپ نے برطانوی سرزمین پر اترنے سے چند لمحے قبل ہی امریکی صدر کے لیے مخصوص ہوائی جہاز ائیر فورس ون سے مئیر صادق خان کو ٹوئٹر پر مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’صادق خان نے بطور مئیر لندن بہت بری کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ برطانیہ کے سب سے اہم اتحادی امریکہ کے صدر کے ساتھ عزت سے پیش نہیں آتے۔ وہ ایک بے حس انسان ہیں جنہیں مجھ سے زیادہ لندن میں بڑھتے جرائم پر توجہ دینی چاہیے۔‘
صدر ٹرمپ نے تنقید کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا: ’خان مجھے نیویارک کے مئیر ڈی بلاسیو کی یاد دلاتے ہیں کیونکہ ان کی کارکردگی بھی اتنی ہی بری ہے، لیکن خان کا قد ان سے آدھا ہے۔ اس کے باوجود میں برطانیہ کا اچھا دوست ہوں اور اپنے دورہ برطانیہ کے حوالے سے پر امید ہوں۔‘
....Kahn reminds me very much of our very dumb and incompetent Mayor of NYC, de Blasio, who has also done a terrible job - only half his height. In any event, I look forward to being a great friend to the United Kingdom, and am looking very much forward to my visit. Landing now!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) June 3, 2019
ان ٹویٹس کے چند لمحے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ سٹانسٹیڈ کے ہوائی اڈے پر لینڈ کر گئے۔ جہاں سے وہ بکنگھم پیلیس کے لیے روانہ ہو گئے جہاں ان کی ملاقات ملکہ الزابتھ ، پرنس آف ویلز شہزادہ چارلس اور ڈیچز آف کورن وال کمیلا سے تھی۔
اتوار کی شام برطانیہ کے لیے روانگی سے قبل بھی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاوس کے باہر رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے صادق خان کی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ ’میں انہیں زیادہ توجہ کے لائق نہیں سمجھتا۔‘
صادق خان کی قابلیت کا مذاق اڑاتے ہوئے انہوں نے مزید کہا: ’مجھے وہ نیو یارک کے مئیر کے جڑواں بھائی لگتے ہیں لیکن چھوٹے قد کے۔‘
ٹرمپ کی جانب سے اس تنقید سے قبل گذشتہ ہفتے مئیر صادق خان نے امریکی صدر کو ’دنیا کو لاحق ایک بڑھتے خطرے کی مثال‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی جانب سے استعمال کی جانب والی زبان ’بیسویں صدی کے فاشسٹوں سے ملتی جلتی ہے۔‘
سوموار کو صدر ٹرمپ کی جانب سے تنقید کا جواب دیتے ہوئے مئیر صادق خان کے ترجمان نے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ’دائیں بازو‘ کا ترجمان قرار دیا ہے۔
صادق خان کے ترجمان نے کہا: ’یہ مسئلہ سنجیدگی کا متقاضی ہے گو کہ ایسی بچگانہ باتیں امریکی صدر کو زیب نہیں دیتی۔ صادق خان لندن اور برطانیہ کی ترقی پسندانہ سوچ کے ترجمان ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر میں بڑھتے دائیں بازو کے رجحان کے ترجمان ہیں جس کی وجہ سے لبرل جمہوریتوں کی 70سالہ محنت کو خطرہ ہے۔‘
برطانیہ کی عوام ٹرمپ کے دورے سے ناخوش ہے۔ ٹرمپ کے برطانیہ میں لینڈنگ کے وقت بھی ہزاروں مظاہرین کی جانب سے سینٹرل لندن کو جام کرنے کی دھمکی سامنے آئی۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں منگل کو مظاہروں کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ سوموار کو بھی ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
میوزیم آف لند ن کی جانب سے کہا گیا کہ وہ ’روتے ہوئے بچے کی شکل میں ڈونلڈ ٹرمپ‘ کا پتلا حاصل کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں جو گذشتہ سال لندن میں ہی منظر عام پر آیا تھا۔