افغان گلوکارہ آریانہ سعید نے یورپی پارلیمنٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ افغانستان میں خواتین کی صورت حال اور ان کے مستقبل کو سنجیدگی سے لے اور ان خواتین کے بارے میں اچھے فیصلے کیے جائیں۔
افغان خواتین سے متعلق منگل کو یورپی پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’کاش طالبان کو تسلیم نہ کیا جاتا۔ لیکن اگر انہیں تسلیم کر لیا جائے تو بھی انہیں خواتین کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔‘
آریانہ سعید نے کہا کہ عالمی برادری نے ابھی تک اس حوالے سے مثبت اقدامات نہیں کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’آج کی کانفرنس نے مجھے خوشی دی کہ کم از کم اس پر بات ہو رہی ہے۔‘
'I am the lady of the land of fire' Today Afghanistan star Aryana Sayeed performed at the European parliament. pic.twitter.com/6Mu2mmzcoC
— Tajuden Soroush (@TajudenSoroush) February 1, 2022
انسانی حقوق کے کارکنوں، فنکاروں، صحافیوں اور افغان ایوان نمائندگان کے سابق ارکان کو یورپی یونین کے پارلیمانی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے، جس میں افغان خواتین کے مسئلے پر توجہ دی گئی ہے۔
افغان انڈیپنڈنٹ ہیومن رائٹس کمیشن کی سابق سربراہ سیما ثمر نے جنہوں نے اجلاس سے خطاب کیا، افغانستان میں خواتین اور انسانی حقوق کی صورت حال کو میڈیا میں رپورٹ ہونے والی صورت حال سے بدتر قرار دیا۔
ثمر نے خواتین اور لڑکیوں کو کام اور تعلیم سے محروم کرنے کے الزامات کے بارے میں کہا، ’اسلام میں تعلیم مردوں اور عورتوں دونوں کے لیے تجویز کی گئی ہے، لیکن طالبان نے خواتین پر تعلیم پر پابندی عائد کر رکھی ہے، اور یہ نہ صرف انسانی حقوق کے معیارات کے خلاف ہے، بلکہ اسلامی قانون کے بھی خلاف ہے۔‘
افغان انڈیپنڈنٹ ہیومن رائٹس کمیشن (AIHRC) کی سابق سربراہ نے زور دے کر کہا کہ طالبان نے خواتین کے امور کی وزارت اور انسانی حقوق کمیشن کو بند کر دیا ہے، تشدد کا شکار ہونے والی خواتین تک رسائی اور عورتوں اور مردوں کے ساتھ ماورائے عدالت سلوک کو روک دیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
طالبان حکومت کے بارے میں، ثمر نے کہا، ’طالبان کو جان لینا چاہیے کہ افغانستان ایک نسلی ملک نہیں ہے اور کوئی بھی گروہ تشدد کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کر کے اور ملک کی نصف آبادی کو نظر انداز کر کے قانونی حیثیت حاصل نہیں کر سکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں خواتین کو ہر سطح اور اقدار پر موجود ہونا چاہیے جیسا کہ خواتین کی تعلیم اور کام، میڈیا کی آزادی اور انسانی حقوق کے احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور ان کا احترام کیا جانا چاہیے۔ یہ اجلاس، جو یورپی پارلیمنٹ میں افغان خواتین کی حمایت اور ان کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کی کوششوں میں منعقد کیا جا رہا ہے، چار فروری تک جاری رہے گا۔
افغان یوم خواتین کے اجلاس کے آغاز سے خطاب کرتے ہوئے، یورپی پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا نے افغانستان میں خواتین کے حقوق کی وسیع پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور خواتین سے کام پر واپس آنے، سکولوں اور یونیورسٹیوں کو دوبارہ کھولنے اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے گذشتہ دو دہائیوں کی کامیابیوں اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے افغان خواتین کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا، ’اب وقت ہے کہ ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آواز بلند کرنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں۔ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ خواتین اور لڑکیوں کے بنیادی حقوق، میڈیا کی آزادی، انسانی حقوق کا احترام اور شہری آزادیوں کی ضمانت ہماری بنیادی شرائط ہیں اور ان اقدار کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔‘