کرکٹ کے میدان میں روایتی حریف سمجھے جانے والے پاکستان اور بھارت ایک بار پھر ورلڈ کپ 2019 میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ چاہے کرکٹ کا ہو یا کسی اور کھیل کا اس میں شائقین کی دلچسپی عروج پر ہوتی ہے۔ ایک طرف جہاں کھلاڑی اچھا کھیل پیش کرنے کے لیے کوشاں ہوتے ہیں وہیں دوسری جانب دونوں ملکوں کی عوام بھی اپنی اپنی ٹیم سے فتح کی امید لگائے بیٹھی ہوتی ہے۔
پاک بھارت مقابلوں کی تاریخ
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ میں گیارہ بار آمنے سامنے آئی ہیں اور ابھی تک تمام میچز میں بھارت فاتح رہا ہے۔ ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا چھ بار ٹاکرا دیکھنے میں آیا ہے جبکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کا پانچ بار سامنا کر چکی ہیں لیکن حیران کن طور پر پاکستان ان گیارہ میچوں میں سے ایک بھی جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراونڈ میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں آٹھ آٹھ میچ کھیل چکی ہیں۔ پاکستان دو میں جبکہ بھارت تین میچوں میں کامیاب رہا جبکہ پاکستانی ٹیم کو چھ جبکہ بھارتی ٹیم کو پانچ میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان اس گراونڈ پر اب تک صرف ایک میچ کھیلا گیا ہے وہ بھی ورلڈ کپ 1999 کے دوران جس میں پاکستان نے حسب سابق بھارت کے ہاتھوں شکست کھائی۔
ایک روزہ کرکٹ کی مجموعی صورتحال کی بات کی جائے تو اس میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 134 ایک روزہ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان کو 73 جبکہ بھارت کو 54 میچوں میں فتح حاصل ہوئی ہے۔
بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بلند ترین سکور 356 ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کیے جانے والا زیادہ سے زیادہ سکور 344 رنز ہے۔
کم ترین سکور کی بات کریں تو یہاں بھی بھارت پاکستان سے آگے ہے اور اس کا پاکستان کے خلاف پست ترین سکور 79 رنز ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے 87 رنز پاکستان کا بھارت کے خلاف کیے جانے والا کم ترین سکور ہے۔
پاک بھارت میچوں کے دوران سب سے زیادہ رنز سے فتح حاصل کرنے کا اعزاز بھی پاکستان کے پاس ہے جس نے چمپئین ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت کے 180 رنز کے وسیع مارجن سے شکست سے دوچار کیا۔
انفرادی سکور کی بات کی جائے تو پاکستان کے شعیب ملک بھارت کے خلاف سب سے زیادہ سکور کرنے والے پاکستانی بلے باز ہیں۔ انہوں نے بھارت کے خلاف 1661 رنز سکور کیے ہیں جبکہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی 183 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ سابق بھارتی کپتان دھونی بھی پاکستان کے خلاف 148 رنز کی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف سب سے زیادہ کیا جانے والے انفرادی سکور 143 رنز ہے جو شعیب ملک نے بھارت کے خلاف سکور کیا۔