سیالکوٹ فوجی ڈپو میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی: آئی ایس پی آر

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ مؤثر اور بروقت کارروائی سے آگ پر فوری قابو پالیا گیا اور کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ آگ سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا        (ویڈیو سکرین گریب/ محمد علی)

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ اتوار کو سیالکوٹ میں اسلحے کے ڈپو میں ہونے والی آتشزدگی حادثاتی طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث ہوئی، تاہم مؤثر اور بروقت کارروائی سے آگ پر فوری قابو پالیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ آگ سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

اس واقعے کے حوالے سے سیالکوٹ کے انتظامی افسران نے موقف دینے سے گریز کیا۔

تاہم سیالکوٹ کے رہائشی ایک عینی شاہد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’اتوار کو صبح چھ یا سات بجے اچانک دھماکوں کی آواز سنائی دی اور آسمان کی طرف آگ اور دھواں جاتا دکھائی دیا تو ہم سمجھے کہ شاید کہیں دھماکہ ہوگیا ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’گھر سے باہر آئے تو معلوم ہوا کہ سیالکوٹ میں گیریژن کے ایریا میں مدثر شہید روڈ کے قریب سے دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں اور آگ کے شعلے آسمان کی طرف بلند ہو رہے ہیں جبکہ اس طرف جانے والے راستوں کو فوری طور پر فوجی جوانوں نے رکاوٹیں لگا کر بند کردیا تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عینی شاہد نے بتایا کہ ’تین چار گھنٹے بعد دھماکوں کی آوازیں آنا بند ہوگئیں اور آگ بھی بجھ گئی لیکن دھواں کسی حد تک نکلتا رہا۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’دھماکوں کی آواز سے شہریوں میں خوف ہراس پھیل گیا تھا اور لوگ گھروں سے باہر نکل کر ایک دوسرے سے معلوم کرتے رہےکہ ہوا کیا ہے۔‘

عینی شاہد نے یہ بھی بتایا کہ ریسکیو یا فائر بریگیڈ کی بجائے فوجی جوانوں نے خود ہی ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا کیونکہ شہر سے فائر بریگیڈ یا ریسکیو 1122کی کوئی گاڑی اس طرف جاتی ہوئی دکھائی نہیں دی۔

ترجمان سیالکوٹ پولیس محمد خرم نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’فوجی ڈپو میں ہونے والے واقعے سے متعلق پولیس سے کوئی مدد نہیں لی گئی۔ یہ سارا آپریشن فوجی جوانوں نے خود ہی کیا ہے اور وہی اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اگر پولیس سے کوئی مدد چاہیے ہوگی تو ہمیں بتا دیا جائے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان