فقیرخانہ ایک نجی عجائب گھر ہے جو کئی نسلوں سے اندرون لاہور کے فقیر خاندان کے زیر انتظام قائم ہے۔
اس عجائب گھر میں ہزاروں تبرکات و نوادرات محفوظ ہیں۔
یہ عجائب گھر بھاٹی دروازے کے اندر واقع ہے۔
اس عمارت کو لاہور کا دوسرا بڑا عجائب خانہ بھی کہا جاتا ہے۔
لکھنؤ، کانگڑہ اور جموں کشمیر کے علاقے سے بیشمار مصوروں کی پینٹنگز یہاں موجود ہیں۔
لکڑی کے شاہکار، ہاتھی دانت کی مصنوعات، پیتل اور تانبے کے کئی نوادر اور اسلامی آرٹ یا کیلی گرافی کے بہت سے نمونے بھی اس عجائب گھر میں موجود ہیں۔
نوادرات سے محبت اس خاندان کے خون میں رچی بسی ہوئی ہے۔ فقیر سید نور الدین کے بعد یہ نوادرات جس کے بھی حوالے ہوئے اس نے نہ صرف پوری ذمہ داری سے ان کی حفاظت کی، بلکہ ان میں اضافہ بھی کیا۔ اس طرح تقریباً ڈھائی سو سال سے یہ خاندان ان تبرکات کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
فقیرخانہ ہر خاص و عام کے لیے کھلا ہے۔ سکالر، محقق، سیاح، طالب علم اور مورخ سبھی اس عجائب گھر کو دیکھنے آتے ہیں۔
یہاں تبرکات کے علاوہ مہاراجا رنجیت سنگھ کی حکومت میں ہونے والی عدالتی کارروائیوں کی تفصیلات اور ان کے فرامین بھی موجود ہیں۔