امریکی شہر نیویارک کے بروکلین سب وے سٹیشن میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 13 افراد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو حکام کا کہنا ہے کہ سب وے سٹیشن سے’متعدد ایسے دھماکہ خیزآلات ملے جو پھٹے نہیں۔‘
نیویارک پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ صبح آٹھ بج کر 27 منٹ پر پولیس افسروں کو بروکلین کے سب وے سے ایک شخص جنہیں گولی لگی تھی، کی ایمرجنسی سروس کو کی گئی کال موصول ہوئی۔
شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق’اس وقت 13 افراد زخمی تھے۔‘ٹیلی ویژن چینل اے بی سی نیوز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ 36 سٹریٹ کے سب وے سٹیشن پر کم از کم پانچ لوگوں کو کو گولی ماری گئی۔ پولیس نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ’اس وقت یہاں ایسا کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں جو پھٹ سکتا ہو۔‘
نیویارک کے محکمہ پولیس نے لوگوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے عینی شاہدین پر زور دیا کہ وہ معلومات دینے کے لیے پولیس کے ساتھ رابطہ کریں۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل کا کہنا تھا کہ انہیں’تبدیل ہوتی‘صورت حال پر بریفنگ دی گئی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا: ’سب سے پہلے جواب دینے والے جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ تحقیقات جاری ہے اور ہم پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے میونپسل ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی اور نیویارک پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔‘
اے بی سی نیوز کے مطابق پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا دھواں پھیلانے والے آلے سے دھماکہ کیا گیا۔ پولیس مشتبہ شخص کی تلاش میں ہے۔
این بی سی نیوز نے نیویارک محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے سینیئر حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ایک شخص جنہوں نے گیس ماسک لگا رکھا تھا اور تعمیراتی کارکنوں کی نارنجی رنگ کی جیکٹ پہنچ رکھی تھی، ہو سکتا ہے کہ انہوں نے دھواں پیدا کرنے والا کنستر پلیٹ فارم پر پھینکا ہو تا کہ مصروف اوقات میں ہجوم کی توجہ دوسری طرف مبذول کروائی جا سکے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گن وائلنس آرکائیو ویب سائٹ کے مطابق امریکہ میں فائرنگ کے واقعات عام ہیں جن میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ سالانہ ہونے والی تقریباً 40 ہزار ہلاکتوں میں آتشیں اسلحہ استعمال کیا جاتا ہے جن میں خود کشیاں بھی شامل ہیں۔
فائرنگ کا تازہ واقعہ صدر جوبائیڈن کے اس اعلان کے محض ایک دن بعد ہوا ہے جس میں انہوں نے اسلحے پر قابو پانے کے لیے نئے اقدامات کی بات کی۔ صدر نےنام نہاد’بھوت گنز‘پر پابندیوں میں اضافے کا اعلان کیا۔ گھوسٹ گنز ایسے ہتھیار ہیں جن کا سراغ لگانا مشکل ہے اور ان کے مختلف حصوں کو گھر پر جوڑا جا سکتا ہے۔
امریکہ میں اسلحے کے کمزور قوانین اور ہتھیار ساتھ رکھنے کے آئینی حق نے زیر گردش ہتھیاروں کی تعداد پر قابو پانے کوششوں میں مسلسل رکاوٹ پیدا کی ہے۔ حالاں کہ امریکی شہریوں کی اکثریت ہتھیاروں کی تعداد سختی سے قابو میں رکھنے میں حق میں ہے۔