بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کاعلاقہ خیام کشمیری سیخ کباب کے لیے مشہور مانا جاتا ہے۔
یہاں سے گزریں تو ہوا کے ساتھ رقص کرتی کباب کی خوشبو بندے کے دل و دماغ پر حاوی ہو جاتی ہے اور منہ میں پانی آجاتا ہے۔
کباب کی دکانوں سے بھرے ہوئے اس راستے پر وہ خوشبخت دکان بھی موجود ہے جس کی تصویر معروف پنک لیڈی فوڈ فوٹوگرافر آف دی ایئر 2022 کی فاتح تصویر قرار پائی۔
یہ تصویر ان ہی میں سے ایک دکان شیرا کیفے ٹیریا پر باورچی یونس احمد پاپوری کی ہے۔ اس خوشخبری کے بعد اس علاقے میں رونق دوبالا ہوئی۔ یونس صاحب یہاں پچھلے بارہ سال سے کام کر رہے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے یونس احمد کا کہنا تھا’ میں نے اس دکان کے مالک سے کام سیکھا ہے اور اس کام کو آگے بڑھانا چاہتا ہوں۔‘
آتے جاتے لوگ جب یونس احمد کو دیکھ کر پہچانتے ہیں تو خوش دلی سے سلام دعا کرتے ہیں۔
یہ تصویر بھارتی فوٹوگرافر دیبدتا چکرورتی نے لی تھی ۔ چکرورتی کا تعلق کلکتہ سے ہے۔ اگرچہ فوٹو گرافی ان کا کل وقتی کام نہیں ہے، اور وہ خود کو شوقیہ فوٹوگرافر کہتے ہیں لیکن یہ ایوارڈز میں چکرورتی کی پہلی جیت نہیں ہے۔
2019 میں انہیں سٹریٹ فوڈ کے زمرے میں پہلے نمبر پر رکھا گیا تھا۔
شیرا کیفے ٹیریا کافی پرانی دکان ہے اور کئی سالوں سے یہاں یہ کام ہو رہا ہے۔ یونس احمد اس دکان پر پچھلے بارہ سال سے کام کر رہے ہیں۔