لندن: اسرائیل مخالف احتجاج، امریکی سفارت خانے کا تالاب ’سرخ رنگ‘ سے بھر دیا گیا

گرین پیس یوکے کا کہنا ہے کہ ’کارکنوں نے امریکی سفارت خانے کے تالاب کو سرخ سے بھر دیا ہے کیونکہ امریکی حکومت کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں۔‘

ماحولیات کے لیے کام کرنے والی تنظیم گرین پیس کا کہنا ہے کہ جمعرات کو اس کے بعض ارکان نے امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت پر احتجاج کرتے ہوئے لندن میں واقع امریکی سفارت خانے کی عمارت میں موجود تالاب کو 300 لیٹر خون جیسے سرخ رنگ سے بھر دیا۔

تنظیم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تالاب میں سرخ رنگ ڈالنے کی ویڈیوز بھی جاری کی ہیں جس کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’کارکنوں نے ابھی امریکی سفارت خانے کے تالاب کو سرخ کر دیا کیونکہ امریکی حکومت کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں۔‘

ساتھ میں گرین پیس یوکے نامی تنظیم نے یہ وضاحت بھی کی کہ ’ہم نے جو رنگ استعمال کیا ہے وہ خطرناک نہیں، کھانے میں استعمال ہونے والا اور بائیو ڈیگریڈایبل ہے۔ اسے تالابوں میں استعمال کرنے کے لیے بنایا گیا ہے اور یہ جنگلی حیات کے لیے محفوظ ہے۔‘

تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امریکہ غزہ میں نہ ختم ہونے والی نسل کشی کو ہوا دے رہا ہے۔ ہمیں اسرائیلی حکومت کو اسلحہ کی فراہمی روکنی ہو گی۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیز فائر معاہدے کو توڑنا، غزہ کی پٹی کے بڑے حصے پر قبضہ اور ضروری امداد کو غزہ پہنچنے سے روکنا ناقابل قبول ہے۔‘

’اب جب کہ سیزفائر معاہدہ توڑ دیا گیا ہے، خوف کے سائے پھر سے بڑھ رہے ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ کو اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت روکنا ہو گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانوی پولیس نے امریکی سفارت خانے میں موجود تالاب میں رنگ ڈالنے پر گرین پیس کے برطانیہ میں سربراہ سمیت چھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

روئٹرز کے مطابق گرین پیس یو کے کے سربراہ مک کلم اور دیگر کو مجرمانہ نقصان پہنچانے کے لیے سازش کرنے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا دس سال جیل ہو سکتی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا