ایلون مسک پچھلی آفر سے کم قیمت پر ٹوئٹر خریدنے کے خواہاں

ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے گذشتہ ماہ ٹوئٹر خریدنے کے لیے 44 ارب ڈالر کی پیشکش کی تھی۔

11 اپریل 2022 کو لی گئی اس تصویر میں ایلون مسک واشنگٹن ڈی سی میں سیٹلائٹ 2020 کے دوران خطاب کر رہے ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)

الیکٹرانک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور ٹیکنالوجی کمپنی سپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ سماجی رابطے کا پلیٹ فارم ٹوئٹر خریدنے کے لیے گذشتہ ماہ کی گئی اپنی 44 ارب ڈالر کی پیشکش سے کم قیمت ادا کریں گے۔

بلوم برگ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے میامی میں ہونے والی ایک ٹیکنالوجی کانفرنس میں بتایا کہ کم قیمت پر قابل عمل معاہدہ ممکن ہے۔

خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق آل اِن سمٹ میں بھی ایلون مسک نے اندازہ لگایا کہ ٹوئٹر کے 229 ملین اکاؤنٹس میں سے کم از کم 20 فیصد سپیم بوٹس ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ تناسب کم سے کم اندازہ ہے۔

یہ بات ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے سی ای او پراگ اگروال کو تضحیک کا نشانہ بنانے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی، جنہوں نے اپنی ٹوئٹر بوٹس کی وضاحت کرتے ہوئے متعدد ٹویٹ پوسٹس کیں اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے اندازہ لگایا ہے کہ پانچ فیصد سے بھی کم ٹوئٹر اکاؤنٹس جعلی ہیں۔

مجموعی طور پر، دن بھر ہونے والے واقعات نے تجزیہ کاروں کے ان نظریات کو تقویت دی کہ ایلون مسک یا تو معاہدے سے باہر ہونا چاہتے ہیں یا کم قیمت ادا کرنے کے خواہاں ہیں، جس کی بڑی وجہ ٹیسلا سٹاک کی قیمت میں بہت زیادہ کمی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر خریدنے کے لیے ٹیسلا کے کچھ شیئرز فروخت کریں گے۔

ٹوئٹر کے شیئرز پیر کو صرف آٹھ فیصد سے زیادہ کی کمی کے ساتھ 37.39 ڈالر پر بند ہوئے۔ ایلون مسک کے انکشاف سے کچھ دیر پہلے ٹوئٹر کے شیئرز کی قیمت اس سے اوپر تھی، وہ ٹوئٹر کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر ہیں۔

ایلون مسک نے 14 اپریل کو ٹوئٹر کا فی شیئر 54.20 ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کی تھی۔

جمعے کو ایلون مسک نے ٹویٹ کی کہ انہوں نے ٹوئٹر خریدنے کے منصوبے کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا ہے کیونکہ وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جعلی اکاؤنٹس کی تعداد جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سی ای او نے کہا کہ ٹوئٹر کی جانب سے تفصیلات زیر التوا ہیں، جس کے مطابق جعلی اکاؤنٹس صارفین کے پانچ فیصد سے بھی کم ہیں۔

پیر کو اپنی ٹویٹس میں پراگ اگروال نے تسلیم کیا تھا کہ ٹوئٹر سپیم پکڑنے میں زیادہ کامیاب نہیں ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ہر سہ ماہی میں کمپنی نے پانچ فیصد سے بھی کم سپیم کا تخمینہ لگایا ہے۔

 اگروال نے لکھا: ’ہمارا تخمینہ ہزاروں اکاؤنٹس کے متعدد انسانی جائزوں پر مبنی ہے اور یہ جائزہ وقت کے ساتھ ساتھ مسلسل لیا جاتا ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ گذشتہ چار سہ ماہیوں کے تخمینے کے مطابق جعلی اکاؤنٹس پانچ فیصد سے کم تھے۔ ’ہمارے اندازوں میں غلطی کے مارجن کی وجہ سے ہم ہر سہ ماہی میں پراعتماد انداز میں بیانات دیتے ہیں۔‘

ایلون مسک نے اپنے پسندیدہ پلیٹ فارم ٹوئٹرکا استعمال کرتے ہوئے ایموجی کے ساتھ جواب دیا، پھر پوچھا کہ ٹوئٹر کو اشتہاردینے والوں کو یہ کیسے پتا چلتا ہے کہ انہیں اپنے پیسوں کے عوض کیا مل رہا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ کے مطابق ایلون مسک نے تبصرے کے لیے بھیجے گئے پیغامات کا فوری جواب نہیں دیا۔ دوسری جانب آل ان سمٹ نے ایک ای میل میں کہا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں مسک کی ویڈیو پوسٹ کرے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی