ایک چینی ریسٹورنٹ میں صارفین اس وقت حیران رہ گئے جب ایک سر کٹا مینڈک سرونگ پلیٹ سے چھلانگ لگا کر میز پر آ گرا۔
گاہک نے چلی آئل اور کالی مرچ کے ساتھ بُل فراگ کے گوشت سے بنے ایک مقامی پکوان کا آرڈر دیا تھا۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’نیوز 18‘ کے مطابق جب یہ پکوان تیار ہو کر ٹیبل پر پہنچنا تو انہوں نے دیکھا کہ پلیٹ میں پیش کیے گیے سر کٹے مینڈکوں میں سے ایک نے ہلنا شروع کر دیا اور وہ اچانک پلیٹ سے اچھل کر یوں باہر نکلا جیسے بھاگنے کی کوشش کر رہا ہو۔
نیوز ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان کے شہر چینگڈو کے ایک ریستوران میں پیش آیا اور خوش قسمتی سے ویڈیو پر بھی ریکارڈ ہو گیا۔ بعد میں اسے ٹک ٹاک کے چینی ورژن Douyin پر شیئر کیا گیا۔
ویڈیو میں سر کٹے مینڈک کو دیگر کھانے پینے کی اشیا کے ساتھ گاہک کی ٹیبل پر اچھلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ میز پر چھلانگ لگانے کے بعد بھی اس کی ٹانگیں چند سیکنڈ تک ہلتی رہیں۔
یہ کلپ چینی سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا جہاں بہت سے لوگوں نے گوشت خوری ترک کرنے کے بارے میں بات کی لیکن کچھ صارفین نے ریسٹورنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں گاہکوں کو ’تازہ کھانا‘ پیش کیا جاتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی پکے ہوئےجانور نے کھانے کی پلیٹ سے چھلانگ لگائی ہو۔ اس سے قبل ایک چینی ریسٹورنٹ میں ہی ایک فرائی کی گئی مچھلی نے پیالے سے چھلانگ لگا دی تھی۔