نیپال وہ ملک ہے جسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہاں دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ واقع ہے لیکن اب دنیا کے پست قامت ترین شخص کا اعزاز بھی نیپال کے شہری کے حصے میں آیا ہے۔
ڈور بہادر کھاپنگی کو دنیا کا سب سے پست قامت نوجوان قرار دیا گیا ہے۔
انہیں منگل (24 مئی) کو کھٹمنڈو میں نیپال ٹورازم بورڈ کے سربراہ دھننجے رگمی نے ایک سادہ تقریب میں گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر کا سرٹیفکیٹ دیا۔
14 نومبر 2004 کو پیدا ہونے والے کھپانگی کا قد اس سال مارچ میں 73.43 سینٹی میٹر (دو فٹ 9.4 انچ) تھا۔ وہ اپنے گاؤں میں ہی پہلی جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔
ان کے بڑے بھائی نارا بہادر کھپانگی نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا: ’مجھے اپنے بھائی کے لیے افسوس ہوتا ہے کیوں کہ اس کا قد ٹھیک طرح سے نہیں بڑھا لیکن اس کے ساتھ ہی مجھے خوشی ہے کہ اس نے عالمی ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا ہے۔‘
2010 میں نیپال کے ہی کھاگیندر تھاپا ماگر کو پست قامت ترین نوجوان قرار دیا گیا تھا جن کا قد 67.08 سینٹی میٹر (26.4 انچ) تھا۔
ٹورازم بورڈ کے سربراہ دھننجے رگمی نے بتایا کہ دو سال قبل ماگر چل بسے تھے۔