سوشل میڈیا پر سیلفیاں پوسٹ کرنے یا ویڈیوز بنانے کے شوقین افراد کے لیے فیصل آباد میں ایک ’سیلفی میوزیم‘ قائم کیا گیا ہے۔
گٹ والا کمرشل حب میں قائم اس سیلفی میوزیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ذیشان شاہ کے مطابق ’سیلفی آرٹ ورلڈ‘ 30 ہزار سکوائر فٹ پر مشتمل ہے جس میں انٹرایکٹو آرٹ ورک، میوزک اور لائٹس کے ذریعے اہرام مصر، پرانے ہنفو چینی قبائل، خلائی سفر اور راک کنسرٹ سمیت مختلف تھیمز پر مشتمل 66 چیمبرز بنائے گئے ہیں جہاں آکر کنٹینٹ کریئٹرز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے مختلف طرح کا مواد بنا سکتے ہیں۔
اس سیلفی میوزیم کے تین حصے ہیں۔ پہلا حصہ سیلفی سیٹس پر مشتمل ہے، دوسرے حصے میں اینا مارفک آرٹ کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ تیسرا حصہ آپٹیکل الوژن پر مشتمل ہے۔
ذیشان شاہ کے مطابق سیلفی سیٹ ایک کانسیپٹ ہے جو امریکہ، دبئی اور کینیڈا میں پہلے سے موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلفی سیٹ میں پراپس اصل رکھی گئے ہیں اور امیج بیک گراونڈ ہے۔ ’لوگ ادھر آکر اپنی سیلفیاں بنائیں یا ویڈیوز بنائیں تو لگتا ہے کہ جس طرح وہ اصل ماحول میں ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ سیلفی آرٹ ورلڈ میں اینا مارفک آرٹ کے ذریعے بھی مختلف صورت حال بنائی گئی ہیں جہاں سیلفی بنانے پر حقیقی منظر کا گمان ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا: ’اینا مارفک آرٹ کو اگر آپ دیکھیں گے تو سمجھ نہیں آئے گی کیا ہو رہا ہے لیکن جب آپ اسے کیمرے کی آنکھ سے دیکھیں گے تو پھر پورا ماحول تبدیل ہو جائے گا۔‘
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ سیلفی آرٹ ورلڈ میں ایک اینامارفک سیٹ ایسا ہے جس میں ایک بڑا سا ہاتھ دیوار توڑ کر اندر سے نکل رہا ہے۔ اگر آپ اس کے نیچے جا کر تصویر لیں گے تو لگے گا کہ واقعی کوئی دیوار توڑ کر اوپر سے ہاتھ آرہا ہے اور آپ پر حملہ کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ یہاں ٹیلنٹ حب کلب کے نام سے ایک اوپن مائیک پلیٹ فارم بھی ہے جوکہ بنیادی طور پر ایک سٹیج ہے جس کے اندر پروفیشنل آڈیو اور ویڈیو سسٹم بھی موجود ہے۔
ذیشان شاہ نے کہا: ’یہاں آپ گانا گائیں، شاعری کریں، اداکاری کریں، رقص کر لیں، کسی بھی قسم کے ٹیلنٹ کا اظہار کر لیں۔ ہم پروفیشنلی اس کی ویڈیو ریکارڈ کر کے آپ کو دیں گے اور آپ تقریباً 150 سے 200 لوگوں کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس ہر کانسیپٹ کے لحاظ سے مختلف کاسٹیومز بھی موجود ہیں۔ ’مثلاً ہم نے ارتغرل کا پورا سیٹ بنایا ہوا ہے۔ ارتغرل اور ان کے محافظوں کے لباس، تلواریں، ہر چیز یہاں دستیاب ہے۔ اگر کوئی کانٹینٹ ادھر بنانا چاہتا ہے تو باآسانی بنا سکتا ہے۔‘
ذیشان شاہ کے مطابق انہیں شہریوں کی طرف سے بہت اچھا ردعمل مل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا: ’لاہور سے ٹک ٹاکرز آ رہے ہیں، ہم سے رابطہ کر رہے ہیں کہ ہمیں بتائیں کون سا اچھا ٹائم ہے، کون سا اچھا دن ہے کہ ہم لوگ فیصل آباد آئیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ وہ فیصل آباد شہر کو ایک ایسا شہر بنانا چاہتے ہیں جہاں اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، شیخوپورہ اور گردونواح سے نوجوان نسل آئے تاکہ انہیں انٹرٹینمنٹ کے ساتھ ساتھ مالی طور پر بھی فائدہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تو انہوں نے یہ فسیلیٹی یہاں قائم کی ہے مگر اگر لوگوں کا ردعمل اچھا رہا تو مستقبل میں وہ اسے ایکسپو یا ڈسپلے کے طور پر دوسرے بڑے شہروں میں لے کر جائیں گے۔
سیلفی آرٹ ورلڈ میں اپنی دوستوں کے ساتھ موجود ثنا نے بتایا کہ وہ اس جگہ پر آکر بہت خوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’اس میں مناظر بہت اچھے ہیں خاص کر ٹک ٹاکرز کے لیے۔ اگر یہاں ٹک ٹاک بنائی جائیں گی تو ہمیں زیادہ ویوز ملیں گے اور فالورز بھی بڑھیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس طرح محسوس کر رہی ہیں کہ جیسے واقعی وہ کسی حقیقی جگہ پر جاکر تصاویر اور ویڈیوز بنارہی ہیں۔
’ایک ہی جگہ پر اتنے زیادہ تھیم اور ڈیزائن کے سیٹ موجود ہیں کہ تھوڑے وقت میں آپ مختلف طرح کی بہت ساری ویڈیوز اور تصاویر بنا سکتے ہیں۔‘