امریکہ: ٹیکسس میں ٹریکٹر ٹرالر سے 46 لاشیں برآمد

سان انتونیو کے فائر چیف چارلس ہڈ نے بتایا: ’ہم نے تقریباً 46 لاشوں کو ٹیگ لگا کر انہیں مردہ قرار دیا جبکہ 16 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔‘

28 جون 2022 کی اس تصویر میں وہ ٹریکٹر ٹرالا دیکھا جاسکتا ہے، جس میں 46 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)

امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر سان انتونیو میں حکام کے مطابق پیر کو ایک لاوارث کھڑے ٹریکٹر ٹرالر کے اندر کم از کم 46 افراد مردہ پائے گئے ہیں۔

ان افراد کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والے تارکین وطن ہوسکتے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سان انتونیو کے فائر چیف چارلس ہڈ نے بتایا: ’ہم نے تقریباً 46 لاشوں کو ٹیگ لگا کر انہیں مردہ قرار دیا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ 16 افراد کو زندہ حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں چار بچے بھی شامل تھے۔

 مرنے والوں کی عمر یا قومیت کے بارے میں کوئی ابتدائی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

مزید پڑھیے: بحیرہ روم میں ایک بار مرتے لیبیا میں روز مرنا پڑا: پاکستانی تارکین وطن

چارلس ہڈ نے بتایا: ’جن مریضوں کو ہم نے دیکھا، ان کے جسم شدید گرم تھے۔ وہ ہیٹ سٹروک، گرمی اور تھکن میں مبتلا تھے۔ گاڑی میں پانی کے کوئی آثار نہیں تھے۔ یہ ریفریجریٹڈ ٹریکٹر ٹرالر تھا لیکن اس میں کوئی اے سی لگا ہوا نظر نہیں آیا۔‘

سان انتونیو کے مقامی ٹی وی چینل ’کے ایس اے ٹی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹریکٹر ٹرالر شہر کے جنوبی مضافات میں ایک دور دراز علاقے میں ریل کی پٹریوں کے ساتھ پایا گیا۔

 

سان انتونیو کے ڈبلیو او اے آئی ٹی وی نے بتایا کہ یہ  تارکین وطن تھے اور پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سان انتونیو کے میئر رون نیرنبرگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا: ’آج ہم ایک ہولناک انسانی المیے سے نمٹ رہے ہیں، لہذا میں آپ سب سے گزارش کروں گا کہ ہمدردی سے سوچیں اور مرنے والوں اور ہسپتالوں میں موجود افراد کے خاندانوں کے لیے دعا کریں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہم امید کرتے ہیں کہ ان لوگوں کو اس طرح کے غیر انسانی حالات میں ڈالنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کی مکمل حد تک کارروائی کی جائے گی۔‘

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق حالیہ دہائیوں میں میکسیکو سے امریکی سرحد عبور کرنے کی کوشش میں ہلاکتوں کا یہ سب سے مہلک سانحہ ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ’ہمیں بچاؤ، نہیں تو مار دو‘: افغان تارکین وطن کا احتجاج

2017 میں سان انتونیو میں وال مارٹ میں کھڑے ٹرک کے اندر سے 10 تارکین وطن کی لاشیں ملی تھیں۔ اسی طرح 2003 میں سان انتونیو کے جنوب مشرق میں 19 تارکین وطن ایک ٹرک میں پائے گئے۔

درجہ حرارت میں اضافہ بھی ان ہلاکتوں کا سبب ہوسکتا ہے۔ روئٹرز کے مطابق میکسیکو کی سرحد سے تقریباً 160 میل (250 کلومیٹر) کے فاصلے پر موجود سان انتونیو میں پیر کو درجہ حرارت 103 ڈگری فارن ہائیٹ (39.4 ڈگری سینٹی گریڈ) کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ