بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کھڈ کوچہ کا علاقہ اپنے پھلوں مثلاً انگور اور زرد آلو وغیرہ کی وجہ سے مشہور ہے تاہم یہاں پیدا ہونے والا سیب بھی لاجواب ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔
کھڈ کوچہ میں سیب کا سیزن جون سے شروع ہوتا ہے جو اگست اور ستمبر تک چلتا ہے۔ اس لیے یہاں کے زمین دار عموماً سیب کو لگانے میں زیادہ دلچسپی دکھاتے ہیں اور اس کا منافع بھی باقی پھلوں سے زیادہ ملتا ہے۔
مقامی زمین دار عزیزاللہ شاہوانی نے علاقے میں پیدا ہونے والے سیب کی چند نمایاں اقسام کے بارے میں بتایا کہ اس کی تین قسمیں گاجا، گولڈن اور سفید آلو زیادہ پسندیدہ ہیں۔
’گاجا جولائی کے آخر میں ملنا شروع ہوتا ہے، جسے ہم فیصل آباد، سرگودھا اور دیگر علاقوں میں بھیجتے ہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ سیب کو سٹور نہیں کر سکتے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’گاجا کے بعد اچھے معیار کا گولڈن سیب ملنا شروع ہو جاتا ہے، جس کو ہم تین چاہ ماہ تک سٹور کر سکتے ہیں۔ گولڈن کے بعد تیسری مشہور قسم ’سفید آلو‘ کا سیزن آتا ہے جو پانچ چھ ماہ تک سٹور ہو سکتا ہے۔‘
عزیز اللہ نے بتایا کہ وہ سیب کے ایک درخت کو کم از کم 30 فٹ کے فاصلے پہ لگاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قحط سالی اور کاریز نہ ہونے کی وجہ سے سیب کی پیداوار میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
’ہمارے علاقے میں پانی بہت نیچے چلا گیا ہے۔ یہ آٹھ ، نو سو فٹ تک دستیاب نہیں جس کی وجہ سے سیب کی فصل کمزور ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے شکوہ کیا کہ متعلقہ محکمہ زمین داروں کے ساتھ بالکل تعاون نہیں کرتا اور وہ اپنی مدد آپ کے تحت زمین داری کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں 24 میں سے صرف چھ گھنٹے بجلی آتی ہے۔