پاکستانی ایگزیکٹیو تنظیم برائے فروغ قیادت و کاروبار (پی ای او پی ایل ای) یعنی پیپل نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ویژن 2030 کے تحت پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے نمایاں کردار ادا کرنے والی سعودی اور پاکستانی کاروباری شخصیات، اعلیٰ حکام اور ماہرین کے اعزاز میں سحری اور انعامات کی تقسیم کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق تقریب میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے شرکا نے ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی امید ظاہر کی۔
تقریب میں شہزادی نورہ الفیصل اور دیگر سعودی معززین نے بھی شرکت کی جن میں معاون وزیر سرمایہ کاری ابراہیم المبارک اور وزارتِ اطلاعات کی اسریٰ اسری شامل تھیں۔ اس کے علاوہ ممتاز پاکستانی ماہرین اور ایگزیکٹیوز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں ان افراد کو ایوارڈز دیے گئے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ کامیابیوں کے ذریعے سعودی عرب کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تنظیم کے چیئرمین محمود خان اور صدر کاشف خان نے سعودی عرب کی تیز رفتار معاشی ترقی اور پاکستانی ماہرین کے لیے دستیاب مواقع کو اجاگر کیا۔
پاکستانی ایگزیکٹیو تنظیم برائے فروغ قیادت و کاروبار کا مقصد سعودی کاروباری افراد اور ماہرین کو پاکستانی برادری سے جوڑنا ہے، تاکہ نوجوانوں میں کاروباری صلاحیت، نیٹ ورکنگ اور رہنمائی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں، اور سعودی ویژن 2030 کے اہداف کی تکمیل میں مدد دی جا سکے۔
شہزادی نورہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو سراہا۔
انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے روابط پر روشنی ڈالی اور دونوں ملکوں کے افراد کے درمیان تجربات کے تبادلے کے فائدے بیان کیے۔
نیوم انویسٹمنٹ فنڈ کے سی ای او ماجد مفتی نے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان اس شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ عرب نیوز کے ایڈیٹر ان چیف فیصل جے عباس نے تنظیم کو مؤثر کاروباری پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت کو سراہا۔
یہ تقریب پیپل اور کی فیسلٹیز مینیجمنٹ سعودیہ کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
کی فیسیلٹیز مینیجمنٹ سعودیہ کے سی ای او جنید خان نے کہا کہ سعودی عرب نے ان کے پیشہ ورانہ سفر میں جس تیزی سے ترقی ممکن بنائی، اس کے بدلے میں وہ ملک کو کچھ لوٹانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
انہوں نے فیسلٹیز مینیجمنٹ کے شعبے میں موجود وسیع مواقع اور آئندہ برسوں میں بڑھتی ہوئی طلب پر بھی روشنی ڈالی۔
وزارت افرادی قوت و سماجی ترقی کے سینیئر مشیر عاطف خورشید خان نے سعودی عرب میں جاری انقلابی تبدیلیوں اور ان بے مثال مواقع کا ذکر کیا جو پاکستانیوں اور بین الاقوامی کاروباری افراد کے لیے وژن 2030 میں کردار ادا کرنے کے لیے موجود ہیں۔
تقریب کے اختتام پر دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ نئی شراکت داریوں کو تلاش کرتے رہیں گے اور باہمی احترام و تعاون کی بنیادوں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔