پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرینچائز کراچی کنگز نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا کے مایہ ناز سابق بلے باز ڈیوڈ وارنر پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن میں اس کی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
یہ اعلان کراچی کنگز نے پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا ہے۔
آسٹریلیا کے لیے تینوں فارمیٹس میں ڈیوڈ وارنر کی غیر معمولی بلے بازی کے کارناموں کی شہرت ہمیشہ اسی طرح باقی رہے گی جس طرح 2018 کے نیو لینڈز بال ٹیمپرنگ سکینڈل میں ان کا مرکزی کردار۔
بدنام زمانہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں ٹیم کے رکن کیمرون بینکرافٹ کو گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کی ہدایت دینے والے شخص کے طور پر فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد، وارنر کو اگرچہ آئی سی سی نے سزا نہیں دی تھی لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے ان پر بین الاقوامی اور آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ سے 12 ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی تھی، انہیں نائب کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا اور تاحیات قائدانہ کرداروں سے پابندی عائد کر دی تھی۔
وہ 2019 ورلڈ کپ کے لیے واپس آئے اور ناقص ایشز کا شکار ہونے سے پہلے ایک شاندار ٹورنامنٹ کا لطف اٹھایا۔ انہوں نے ایشز کی 10 اننگز میں صرف 95 رنز بنائے تھے۔
کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے اسی سال کے آخر میں ایڈیلیڈ میں پاکستان کے خلاف ناقابل شکست 335 رنز بنا کر فارم واپس حاصل کی جو کہ کسی بھی آسٹریلوی بلے باز کا دوسرا سب سے بڑا ٹیسٹ سکور ہے۔
ڈیوڈ وارنر نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا اختتام مختلف مراحل میں کیا۔
انہوں نے اپنا آخری ون ڈے آسٹریلیا کی 2023 میں بھارت میں فاتحانہ مہم کے دوران کھیلا۔
2024 کے اوائل میں پاکستان کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ اور اسی سال یعنی 2024 کے T20 ورلڈ کپ کے بعد مکمل طور پر کرکٹ سے ریٹائر ہوئے۔
اپنی پابندی سے قبل، وارنر نے خود کو دنیا کے بہترین آل فارمیٹ اوپنرز میں سے ایک کے طور پر منوایا۔
2015 میں ان کی سنیارٹی کو اس وقت تسلیم کیا گیا جب انہیں ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں میں سٹیون سمتھ کے لیے نائب کپتان نامزد کیا گیا اور جب سمتھ کو آرام دیا گیا تو وارنر نے محدود اوورز کی ٹیموں کی بڑی کامیابی کے ساتھ قیادت کی۔
وارنر 1877 کے بعد پہلے کرکٹر ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سے پہلے آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا۔
بین الاقوامی کرکٹ کے بعد ڈیوڈ وارنر کا فرنچائز ٹی 20 کیریئر خاص طور پر آئی پی ایل میں رہا ہے اور 2021 میں ٹی 20 میں 10 ہزار رنز بنانے والے وہ چوتھے بلے باز بن گئے۔
ڈیوڈ وارنر کی آئی پی ایل میں شرکت
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رواں سیزن آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے شیڈول میں ٹکراؤ کے باوجود پی ایس ایل میں شرکت کر رہے ہیں تاہم ان کی آئی پی ایل کے لیے لیے خدمات پر نظر ڈالتے ہیں۔
ڈیوڈ وارنر آئی پی ایل کی تاریخ میں بہترین غیر ملکی بلے باز ہیں۔
انہیں دہلی ڈیئر ڈیولز (اب کیپٹلز) نے 2009 میں اپنے پہلے سیزن میں غیر واضح طور پر نکالا تھا۔ وہ 2013 تک ان کے ساتھ تھے۔
وارنر 2014 میں سن رائزرس حیدرآباد چلے گئے، 2015 میں کپتان بنائے گئے اور 2016 میں ٹائٹل جیتا تھا۔
2018 میں ان پر نیو لینڈز بال ٹیمپرنگ سکینڈل میں ملوث ہونے کی وجہ سے لیگ میں کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
وارنر نے سات آئی پی ایل سیزن میں 500 رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے، جو کسی بھی بلے باز کے لیے سب سے زیادہ ہے۔
وہ آئی پی ایل میں تین بار اورنج کیپ کے فاتح رہے۔
وارنر کے ایس آر ایچ کے ساتھ تعلقات 2021 میں خراب ہوگئے اور اسے 2022 میں ڈی سی نے دوبارہ اٹھایا۔
ڈیوڈ وارنر کے کیریئر پر ایک نظر
وارنر نے 112 ٹیسٹ میچز میں 205 اننگز کھیلیں اور کل 8786 رنز بنائے۔ ٹیسٹ میچز میں ان کا سب سے زیادہ سکور 335 رنز تھا۔
وارنر نے 161 ایک روز میچوں میں 159 اننگز کھیلیں جن میں انہوں نے کل 6932 رنز بنائے۔ ایک روزہ میچوں میں ان کا سب سے زیادہ سکور 179 رنز تھا۔
ڈیوڈ وارنر نے 110 ٹی ٹوئنٹی میچز میں اتنی ہی اننگز کھیلیں اور کل ملا کر 3277 رنز بنائے۔ ٹی ٹوینٹی میچز میں ان کا سب سے زیادہ سکور 100 رنز ہے۔