حکومت پاکستان نے جمعرات کو پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان وزیر اعظم شہباز شریف نے آج قوم سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 18 روپے جبکہ ڈیزل پر 40.54 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا۔
وزارت خزانہ کے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 230.24 روپے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 236 روپے فی لیٹر ہو گی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 196.45 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں بتایا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات سے ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دل پر پتھر رکھ کر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے پر ہم نے بھی اضافہ کیا، ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا، اگر کوئی اور راستہ ہوتا تو کبھی قوم کے لیے مشکلات پیدا نہ ہونے دیتے۔
’ آج عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں جس کی وجہ سے ہمیں ان قیمتوں میں کمی کرنے کا موقع ملا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کا عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ہو چکا ہے۔’ یہ معاہدہ شبانہ روز کاوشوں کے بعد ہوا جس کا سہرا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ٹیم کو جاتا ہے۔‘
’آئندہ بھی عالمی منڈیوں میں تیل و اجناس کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو قوم کو فائدہ دیں گے.‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیر اعظم پہلے ہی رواں ہفتے میں ان قیمتوں میں کمی کرنے کا عندیہ دے چکے تھے۔ انہوں نے اس حوالے سے باقاعدہ ایک سمری تیار کرنے کے لیے پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ہدایات جاری کی تھیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی سربراہی میں اتحادی جماعتوں پر مشتمل وفاقی حکومت 15 مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا رہی تھی جبکہ 30 جون کو پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی بھی بحال کر دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ 26 مئی سے قبل پیٹرول کی قیمت 149.86 روپے فی لیٹر تھی جو بعد ازاں 66 فیصد اضافے کے ساتھ 248.74 تک پہنچ چکی تھی۔