متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کا میلہ اب بس سجنے کو ہی ہے مگر اس سے قبل ہی دبئی میں ایک میلے کا سا سماں ہے جہاں ٹیمیں ایک ساتھ پریکٹس کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ویسے تو تقریباً تمام ہی ٹیمیں دبئی پہنچ چکی ہیں مگر سوشل میڈیا پر صرف پاکستان اور انڈیا کے کھلاڑی ہی چھائے ہوئے ہیں۔
کچھ دن قبل پاکستان اور افغانستان کے کھلاڑیوں کی ایک ساتھ گپ شپ لگاتے ویڈیوز سامنے آئی تھیں اور اس کے فوراً بعد ہی انڈیا کے دبئی پہنچنے پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی ویڈیوز بھی شیئر ہوتی رہی ہیں۔
لیکن اب گذشتہ شب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انڈین کھلاڑیوں کو پاکستان کے سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو ایسے وقت میں بنائی گئی ہے جب پاکستانی ٹیم پریکٹس مکمل کرکے جا رہی تھی اور انڈین کھلاڑی پریکٹس کے لیے آ رہے تھے۔
انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو کر ہزاروں مداحوں کے ’دل توڑنے‘ والے شاہین شاہ آفریدی بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے جنہیں دیکھتے ہی انڈین کھلاڑی باری باری ان کی خیریت دریافت کرنے آتے ہیں۔
ان کھلاڑیوں میں سٹار بلے باز ویراٹ کوہلی، رشبھ پنت، کے ایل راہل اور سپنر یزویندر چہل شامل تھے۔
Stars align ahead of the #AsiaCup2022
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 25, 2022
A high-profile meet and greet on the sidelines pic.twitter.com/c5vsNCi6xw
گراؤنڈ میں تیز ہوا کے باعث کھلاڑیوں کی شاہین آفریدی سے ہونے والی گفتگو صاف سنائی نہیں دے رہی تھی جبکہ ویراٹ کوہلی سے ہونے والی بات چیت کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلی ویڈیو میں جان بوجھ کر میوزک سے دبا دیا تھا۔
تاہم بعد میں پی سی بی نے اسی ویڈیو کو یہ لکھتے ہوئے شیئر کیا کہ ’سسپینس از اوور‘۔
ویراٹ کوہلی نے شاہین آفریدی سے دریافت کیا کہ انجری کب اور کیسے ہوئی اور صحتیاب ہونے میں کتنا وقت لگے گا؟
جواب میں شاہین آفریدی نے انہیں بتایا کہ دورہ سری لنکا میں وہ انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد ڈاکٹرز نے پانچ ہفتے آرام کا کہا ہے۔
ویراٹ کوہلی بات چیت کے بعد جانے ہی لگے تھے کہ شاہین آفریدی نے ان سے کہا کہ وہ ان کی فارم میں واپسی کے لیے دیا گو ہیں۔
شاہین آفریدی نے ویراٹ کوہلی سے کہا کہ ’آپ کے لیے دعا کر رہے ہیں کہ آپ فارم میں واپس آئیں۔۔ آپ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
جواب میں ویراٹ کوہلی نے مسکراتے ہوئے کہا: ’آپ کا شکریہ۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان دونوں کے درمیان گفتگو کے بعد رشبھ پنت کی شاہین آفریدی سے ہنستے مسکراتے ملاقات ہوئی جس کے آغاز میں رشبھ پنت سوال کرتے ہیں کہ ’یہ کیا ہوا؟‘
جس پر شاہین آفریدی ہنستے ہوئے کہتے ہیں کہ ’یار میں سوچ رہا ہوں کہ بس بیٹنگ شروع کر دوں، ایک ہاتھ سے چھکے لگانے ہیں۔‘
جواب میں رشبھ پنت ان سے کہتے ہیں کہ ’بولنگ میں زیادہ ایفرٹ لگ رہی ہے۔۔۔ فاسٹ بولر ہو تو ایفرٹ کو لگانا پڑے گی۔‘
یہاں یہ بتاتے چلیں کہ رشبھ پنت دنیا بھر میں ایک ہاتھ سے چھکے لگانے کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں حسن علی کی بولنگ پر بھی دو چھکے ایک ہی ہاتھ سے لگائے تھے۔
رشبھ سے بات کرنے کے بعد جاتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ’گڈ لک میچ کے لیے۔۔ آؤں گا میچ دیکھنے۔‘ جس پر دونوں ہی کھلاڑی ہنستے لگتے ہیں۔
شاید رشبھ پنت کے لیے شاہین آفریدی کا یہ جملہ اطمینان کا باعث ہو مگر میرے سمیت بہت سے مداحوں کے لیے بالکل نہیں کیونکہ ہزاروں مداح انہیں میدان میں میچ کھیلتا دیکھنا چاہتے تھے نہ کہ میچ دیکھتا۔