0 seconds of 1 minute, 45 secondsVolume 90%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
01:45
01:45
 

ایشیا کپ کی تاریخ: کس کا پلڑا بھاری رہا؟

پاکستان اور انڈیا کل 14 مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جن میں سے انڈیا آٹھ میچوں میں فاتح رہا ہے۔ پاکستان پانچ میچ جیت سکا جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

اگر آپ سوشل میڈیا صارف ہیں تو آپ نے یقیناً دیکھا ہو گا کہ گذشتہ کچھ روز سے جو سیاسی سرگرمیاں چل رہی تھیں ان کی جگہ اچانک سے کھیل سے جڑی تصاویر، ویڈیوز اور میمز نے لے لی ہے اور یہ کھیل بھی ہمیشہ کی طرح کرکٹ ہی ہے۔

دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ جو ایونٹ ہونے جا رہا ہے، اس میں شامل ٹیموں کے مداح اس کھیل کو اور اپنی اپنی ٹیموں کو جنون کی حد تک پسند اور سپورٹ کرتے ہیں۔

جی ہاں آپ صحیح سمجھے ہیں، یہاں ایشیا کپ کی ہی بات ہو رہی ہے جس میں چھ ٹیموں کے درمیان ایشیا کا چیمپیئن بننے کے لیے 27 اگست سے مقابلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔

ویسے تو اس بار ہونے والا ایشیا کپ 2020 میں سری لنکا میں ہونا تھا مگر اس وقت کرونا وبا کی وجہ سے پہلے اسے 2022 تک ملتوی کیا گیا اور پھر سری لنکا میں سیاسی اور معاشی بحران کے باعث ایونٹ کا مقام بھی تبدیل کر دیا گیا، جس کے بعد اب یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلا جا رہا ہے۔

رواں سال کھیلے جانے والے ایشیا کپ کی بات کرنے سے پہلے کچھ بات اس ٹورنامنٹ کی تاریخ پر کر لیتے ہیں۔

ایشیا کپ کی تاریخ

شارجہ سے 1984 میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے اب تک 14 ایوینٹس ہو چکے ہیں۔

سب سے پہلے ایشیا کپ میں پاکستان، انڈیا اور سری لنکا مدمقابل آئے تھے اور انڈیا یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔

اس کے بعد 1986 میں ہونے والے ایشیا کپ میں انڈیا نے حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا، جس کی وجہ سری لنکا کے ساتھ اس کے تعلقات میں تناؤ تھا۔

یہاں بنگلہ دیش کو ایشیا کپ کا حصہ بننے کا موقع ملا اور اس کے بعد سے وہ ایشیا کپ کا مستقل رکن ہے۔

اس کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تناؤ کے باعث پاکستان نے 91-1990 کا ایشیا کپ کھیلنے سے منع کر دیا تھا۔

ایشیا کپ کی 38 سالہ تاریخ میں سری لنکا وہ واحد ٹیم ہے جو تمام ایونٹس کا حصہ رہی ہے۔

ویسے تو یہ ٹورنامنٹ 50 اوورز پر مشتمل میچز پر ہی کھیلا جاتا رہا ہے مگر 16-2015 میں پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ تبدیل کیا گیا اور اسے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا گیا۔

اس کی وجہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تھا اور ایشین کرکٹ کونسل نے فیصلہ کیا کہ اس طرح سے ٹیموں کی ورلڈ کپ کی پریکٹس بھی ہو جائے گی۔

اس مرتبہ بھی رواں سال ہی آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو دیکھتے ہوئے ایشیا کپ کو بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلنے کا فیصلے کیا گیا ہے۔

کس کا پلڑا بھاری رہا ہے؟

اب تک ایشیا کپ کے ہونے والے 14 ایونٹس میں انڈیا کا پلڑا ہی بھاری رہا ہے جبکہ اس کے بعد جس ٹیم نے سب سے زیادہ مرتبہ یہ ٹائٹل جیتا وہ سری لنکا ہے۔

جی بالکل آپ کے ذہن میں یہ سوال ہوگا کہ پاکستان اس سب میں کہاں ہے، تو بات کچھ یوں ہے کہ پاکستان اب تک صرف دو بار ہی ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو سکا ہے۔

ایشیا کپ میں انڈیا نے سب سے زیادہ سات مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جبکہ سری لنکا پانچ بار یہ ایونٹ جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔

ایشیا کپ 2022

سری لنکا کی میزبانی میں رواں سال ایشیا کپ کا آغاز متحدہ عرب امارات میں 27 اگست کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے۔

ایونٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں پاکستان اور انڈیا کے ساتھ کوالیفائرز کی فاتح ٹیم ہانگ کانگ ہو گی۔ اسی طرح گروپ بی سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پر مشتمل ہے۔

گروپ میچز کے بعد اپنے اپنے گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سپر فور کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں ہر ایک ٹیم کا مقابلہ دیگر تین ٹیموں سے ہو گا۔

اس کے بعد دو ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کریں گی جو 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان انڈیا ٹاکرا؟

جب سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان دوطرفہ کرکٹ رکی ہوئی ہے تب سے ہی ان دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ایونٹس یا ایشیا کپ میں کھیلے جانے والا ہر میچ ہی سب سے زیادہ دیکھے جانے والا میچ بن جاتا ہے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان جب بھی میچ ہوتا ہے تو اس کے نہ صرف ٹکٹ منٹوں میں فروخت ہو جاتے ہیں بلکہ منتظمین کو اضافی انتظامات بھی کرنے پڑ جاتے ہیں۔

اس بار کے ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں اور یہ میچ بھی ہاؤس فل ہو گا۔

لیکن ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ 27 اگست سے شروع ہونے والے اس ایشیا کپ میں ایشین جائنٹس کے درمیان تین میچز کھیلے جانے کا امکان ہے۔

وہ ایسے کہ اگر پاکستان اور انڈیا اپنے گروپ کو ٹاپ کرتی ہیں تو پھر ان کا مقابلہ ایک بار پھر سپر فور میں ہوگا۔

یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں آج تک ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے نہیں آئی ہیں تو اگر یہ دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں ٹاپ پر رہتی ہیں تو پھر انہیں پہلی بار شائقین کرکٹ ایشیا کپ کے فائنل میں بھی دیکھ سکیں گے۔

ایشیا کپ میں اب تک پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے میچوں کی بات کی جائے تو وہاں انڈیا کو ہی برتری حاصل ہے۔

پاکستان اور انڈیا کل 14 مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جن میں سے انڈیا آٹھ میچوں میں فاتح رہا ہے۔ پاکستان پانچ میچ جیت سکا جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ