پاکستان نے حالیہ ایشیا کپ کے دو میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے اس کے باوجود اعداد و شمار کے لحاظ سے پاکستانی ٹیم سب سے آگے ہے۔
پاکستان نے گذشتہ شب ہانگ کانگ کو شکست دے کر اگلے مرحلے یعنی سپر فور کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
گذشتہ اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان اور انڈیا کا گروپ میچ بھی سنسنی خیز اور دلچسپی کے لحاظ سے کسی ناک آؤٹ میچ سے کم نہیں تھا جس میں بھارت نے پاکستان کو آخری اوور میں شکست دے کر اگلے مرحلے میں قدم رکھ دیا تھا۔
آئیے جائزہ لیتے ہیں اعدادوشمار کا
سب سے بڑا ٹیم سکور:
پاکستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 194 رنز کا ہدف دیا جو اس ٹورنامنٹ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعی سکور ہے۔
جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی تاریخ کے سب سے کم سکور یعنی 38 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
اس سے قبل انڈیا نے ہانگ کانگ کے خلاف 192 رنز بنائے تھے جو اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کا دوسرا سب سے بڑا سکور تھا۔
پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دی جو اس ٹورنامنٹ میں جیت کا سب سے بڑا مارجن ہے جبکہ انڈیا نے ہانگ کانگ کو 40 رنز سے شکست دی تھی۔
سب سے زیادہ رن ریٹ:
کل کے میچ میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 193 رنز بنائے جو فی اوور رن ریٹ کے لحاظ سے اس ٹورنامنٹ میں سے سے زیادہ یعنی 9.65 رنز ہیں جبکہ ہانگ کانگ کے خلاف ہی انڈیا کا رن ریٹ 9.6 تھا۔
اسی ٹورنامنٹ میں یکم ستمبر کو سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف جب 184 رنز کا ہدف پورا کیا تو اس کا رن ریٹ 9.51 تھا۔
محمد رضوان بھی سب سے آگے:
انفرادی سکور کی بات کریں تو یہاں بھی پاکستان ایک بار پھر پہلے نمبر پر ہے اور پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سب سے آگے دکھائی دیتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گذشتہ کچھ ٹورنامنٹس اور میچز میں ’اچھی‘ کارکردگی نہ دکھا پانے پر محمد رضوان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا لیکن کل کے میچ میں انہوں نے ان شکایات کو دور کرنے کی مکمل کوشش کی ہے۔
ایشیا کپ 2022 میں محمد رضوان اب تک 121 رنز بنا کر سب سے آگے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر انڈیا کے وراٹ کوہلی ہیں جنہوں نے رضوان جتنے ہی دو میچ کھیل کر 94 رنز بنائے ہیں جبکہ بھارت کے ہی سوریا کمار یادیو 86 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
محمد نواز کا جادو چل گیا:
بلے بازی کے بعد بولنگ کی بات کی جائے تو یہاں بھی پاکستان کا ڈنکا بج رہا ہے اور پاکستان کے بائیں بازو کے سپن بولر محمد نواز دو میچز میں صرف 5.4 اوور پھینک کر چھ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
اس فہرست میں پانچ وکٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر افغانستان کے مجیب الرحمنٰ کا ہے جبکہ انڈیا کے بھونیشور کمار تیسرے نمبر پر ہیں۔ چوتھے اور پانچویں نمبر پر ایک بار پھر پاکستان گیند باز شاداب خان اور نسیم شاہ براجمان ہیں جو چار چار وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
ابھی تک کے اعداد و شمار کے مطابق تو اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کا پلڑا بھاری دکھائی دے رہا ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کیا اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی پاکستانی بلے باز اور بولر اپنی اس کارکردگی کا تسلسل جاری رکھ کر گروپ میچ کا ادھار چکاتے ہیں یا نہیں۔