پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے اتوار کو انگلینڈ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور فیصلہ میچ کن میچ سے قبل شائقین سے ’ہاتھ ہلکا‘ رکھنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم دنیا کی بہترین ٹیم نہیں، لیکن کرکٹ ٹیم خوشیاں دے رہی ہے۔‘
جیو نیوز سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی نے کہا ’ہارنا اب ہمارا آپشن نہیں لیکن میں سب سے کہوں گا کہ ٹیم کے حوالے سے ہاتھ ہلکا رکھیں۔
’ہم غلطیاں کریں گے، غلطیاں ہو رہی ہیں، ہم دنیا کی بہترین ٹیم نہیں لیکن کرکٹ ٹیم خوشیاں دے رہی ہے۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری اور فائنل میچ آج لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان چھ میچ ہو چکے ہیں اور تین تین میچ جیتنے کے بعد آخری میچ مزید دلچسپ رہنے کا امکان ہے۔
گذشتہ میچ میں انگلش کھلاڑی فل سالٹ کی جارحانہ بلے بازی نے پاکستانی بولرز کو چکرا کر رکھ دیا تھا۔ یہ میچ انگلینڈ نے آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا۔
اس تناظر میں چیئرمین پی سی بی نے کہا: ’پاکستان ٹیم میں ایک میچ ونر نہیں بلکہ کئی میچ ونرز ہیں، انہیں سپورٹ کریں، ٹیم مایوس نہیں کرے گی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مداحوں نے اب ٹیم کی اونر شپ لینا شروع کر دی ہے۔
’یہی وجہ ہے کہ لوگ سٹیڈیم آرہے ہیں کیونکہ کرکٹ سب کو جوڑ رہی ہے اور چہروں پرخوشیاں لا رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’میرا خیال تھا کہ باہمی سیریز جس میں سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا رہے ہیں، دلچسپی برقرار نہیں رکھ سکے گی لیکن دلچسپی آخری میچ تک بڑھ رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا: ’سیریز میں دلچسپی نے دم نہیں توڑا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ سنسنی خیز میچ ہو رہے ہیں۔
’میچوں کا فیصلہ آخری اوور میں ہو رہا ہے، ٹیم کا ٹیمپرامنٹ بہتر ہو رہا ہے اور لوگوں کا یقین بڑھ رہا ہے۔‘