فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) کا رواں ماہ قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کا آفیشل گانا ’لائٹ دا سکائی‘ ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا رہا ہے۔
گانے میں اماراتی اور عراقی گلوکاراؤں کے علاوہ مراکش کینیڈین رقاصہ، ماڈل اور اداکارہ نورا فاتحی بھی نظر آئیں۔
فیفا ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب میں نورا نہ صرف پرفارم کریں گی بلکہ گانا بھی گائیں گی۔
ایونٹ میں مشہور شخصیات پٹبل، جینیفر لوپیز اور شکیرا بھی جلوہ گر ہوں گی۔
رواں سال فٹ بال ورلڈ کپ کا گانا انگریزی زبان میں تو ہے ہی لیکن اس بار گانے میں عربی اور اردو زبان کے بول بھی شامل ہیں، جو کچھ یوں ہیں۔
’ہمیں کرنا ہے جو ہم کریں گے وہی، ہم جیسا یہاں پر کوئی بھی نہیں، چاہے ایسٹ اور ویسٹ ہم ملیں گے یہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یوٹیوب پر گانے کی ریلیز کے 24 گھنٹے بعد اب تک اسے 10 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ کی شروعات 20 نومبر سے خلیجی ملک قطر میں ہوگی اور فائنل میچ 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
یہ پہلی بار ہوگا کہ جب کرسٹیانو رونالڈو اور لیونیل میسی جیسے بڑے فٹ بال ستارے قطر میں ایک ٹورنامنٹ میں دکھائی دیں گے۔
فٹبال ورلڈ کپ میں روزانہ چار میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ کھیلنے والے میزبان ملک قطر سمیت 32 ٹیمیں ایونٹ کا حصہ ہیں۔